اسمارٹ فونز کا استعمال آپ کی گردن اور ریڑھ کی ہڈی کیلئے انتہائی نقصان دہ

لاہور(میڈیا92نیوزآن لائن) آج کل لوگ اپنا زیادہ تر وقت اسمارٹ فونز یا موبائل فونز کی اسکرین پر نظریں جما کر گزارنے کے عادی ہوچکے ہیں مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ یہ عادت گردن اور ریڑھ کی ہڈی پر کیا اثرات مرتب کرتی ہے۔نیویارک اسپائن سرجری اینڈ ری ہیبلیٹیشن میڈیسین کی ایک تحقیق کے مطابق جب لوگ اسکرین کو دیکھنے کے لیے سر آگے جھکاتے ہیں چاہے وہ معمولی ہی کیوں نہ ہو، اس سے ہماری گردن اور ریڑھ کی ہڈی پر 60 پونڈز کا دباﺅ بڑھ جاتا ہے۔کیا آپ اپنی گردن پر اتنا وزن اٹھا سکتے ہیں جو کہ ایک 8 سالہ بچے جتنا ہوسکتا ہے ؟ اور کیا آپ یہ کام روزانہ دو گھنٹے سے زائد کرسکتے ہیں۔پاکستان میں تو موبائل فون کے استعمال کا دورانیہ واضح نہیں مگر امریکا میں اوسطاً ہر شخص روزانہ 2 گھنٹے 42 منٹ اپنے موبائل فون کو استعمال کرتے ہوئے گزارتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ قدرتی پوزیشن پر کسی بالغ شخص کے سر کا وزن 10 سے 12 پونڈز ہوتا ہے تاہم جب اسے آگے جھکاتے جاتے ہیں اس میں اضافہ ہوتا چلا جاتا ہے۔اس کے نتیجے میں گردن کے ساتھ ریڑھ کی ہڈی پر بھی دباﺅ بڑھتا ہے اور کمر و گردن میں درد کا مسئلہ پیدا ہوتا ہے۔تحقیق کے مطابق صرف امریکا میں ہی ریڑھ کی ہڈی سے متعلق امراض کی شرح میں گزشتہ دہائی کے دوران دوگنا اضافہ ہوا ہے۔خیال رہے کہ اس سے پہلے کی جانے والی ایک تحقیق میں انتباہ کیا گیا تھا کہ موبائل ڈیوائس پر بہت زیادہ وقت گزارنا درمیانی عمر میں بینائی کے مسائل کا باعث بنتا ہے۔تحقیق کے مطابق موبائل کی اسکرین کمپیوٹر کے مقابلے میں چھوٹی ہوتی ہے اور اس وجہ سے آپ کو آنکھوں کو سکیڑنا پڑسکتا ہے جس سے بینائی پر دباﺅ بڑھتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …