وزیرِاعظم عمران خان کی زیر صدارت مزدوروں کی فلاح و بہبود پر اعلیٰ سطح کا اجلاس

اسلام آباد(میڈیا92نیوزآن لائن) وزیرِاعظم عمران خان کی زیر صدارت مزدوروں کی فلاح و بہبود کے ضمن میں حکومتی اقدامات کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے اصل چیلنج متعلقہ قوانین پر مکمل عمل درآمد ہے، اس پر بھرپور توجہ دینے کی ضرورت ہے۔اجلاس میں وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ ’’مزدور کا احساس‘‘ پروگرام کے تحت مختلف شعبوں سے منسلک مزدوروں اور ملک سے باہر کام کرنے والے پاکستانی مزدوروں کی فلاح و بہبود پر توجہ دی جا رہی ہے۔انہیں مزید بتایا گیا کہ ’’مزدور کا احساس‘‘ پروگرام کے تحت آئندہ ایک سال میں روایتی و غیر روایتی شعبوں سے منسلک مزدوروں کی رجسٹریشن عمل میں لائی جائے گی۔

وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ اس وقت روایتی و غیر روایتی شعبوں سے منسلک مزدوروں کی فلاح و بہبود اور ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کا کوئی مناسب و مؤثر نظام موجود نہیں جس کی وجہ سے ان کا استحصال ہوتا ہے ۔۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ رجسٹریشن کے عمل سے مزدوروں کو پنشن و دیگر سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔وزیرِ اعظم کی ہدایت پر بیرون ملک کام کرنے والے ان غریب مزدوروں کو جو 7 سال سے وطن واپس نہیں آ سکے، ایئر ٹکٹ پر حکومت کی جانب سے سبسڈی فراہم کی جائے گی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ بیرون ملک کام کرنے والے مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے لیبر مارکیٹ انفارمیشن سسٹم شروع کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …