سندھ: ایک اور ہندو لڑکی نے اسلام قبول کرلیا، دوست سے شادی

کراچی (میڈیا92نیوزآن لائن) :سندھ میں ایک اور ہندو لڑکی کے اسلام قبول کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق خیرپور میں جامعہ شاہ عبدالطیف سے کیمسٹری ڈیپارٹمنٹ کی لاپتہ ہونے والی ہندو طالبہ آرتی کماری نے اسلام قبول کرنے کے بعد اپنے دوست سے شادی کرلی۔ شاہ عبد الطیف یونیورسٹی کی کیمسٹری ڈیپارٹمنٹ کی ہندو طالبہ آرتی کماری نے الجامعتہ اسلامیہ مدارس خیرپور میں اسلام قبول کیا جس کے بعد اس کا اسلامی نام علیزہ فاطمہ رکھا گیا ۔اس معاملے پر سندھ حکومت نے بھی نوٹس لے لیا ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے معاون خصوصی برائے انسانی حقوق ڈاکٹر کھٹو مل جیون نے ایس ایس پی خیرپور سے رپورٹ طلب کی۔ ڈاکٹر کھٹو مل جیون نے کل تک رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔ڈاکٹر کھٹو مل جیون کا کہنا تھا کہ تمام زاویوں سے تحقیقات کرکے رپورٹ دی جائے۔ قبل ازیں ہندو طالبہ آرتی کے والد جیون مل نے اے سیکشن تھانے پر بیٹی کے اغوا کی رپورٹ درج کروائی تھی۔یاد رہے کہ اس سے قبل بھی سندھ میں ہندو لڑکیوں کے اسلام قبول کرنے اور مسلمان لڑکوں سے شادی کرنے کے کئی واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ حال ہی میں سندھ میں دو ہندو لڑکیوں نے اسلام قبول کیا تھا۔ بیٹیوں کے اسلام قبول کرنے کی اطلاع موصول ہوئی تو ان کے والد نے ہندو کونسل کے دیگر اراکین کے ہمراہ انہیں قتل کرنے کا منصوبہ بنایا اور ان کے اغوا اور جبری طور پر مذہب تبدیل کروائے جانے کی من گھڑت کہانی بنائی تاکہ انہیں بازیاب کروانے کی کوشش کے تحت انہیں قتل کیا جاسکے۔بعد ازاں مبینہ طور پر اغوا کی گئی دو بہنوں اور ان کے شوہروں نے اپنے تحفظ کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی جس میں دونوں ہہنوں نے اقرار کیا کہ انہوں نے کسی دباؤ کے بغیر اسلام قبول کیا تھا۔ جس کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ نے گذشتہ روز نو مسلم بہنوں کو شوہروں کے ساتھ جانے کی اجازت دے دی تھی۔ واضح رہے کہ بدین میں بھی ایک ہندو لڑکی کے اسلام قبول کرنے کا معاملہ سامنے آیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں

جینیات سے وابستہ تناؤ ہارٹ اٹیک کا خطرہ زیادہ بڑھا دیتا ہے

بوسٹن: حال ہی میں ہونے والے ایک مطالعے سے پتہ چلا ہے کہ جینیاتی طور پر …