ماڈل ٹریزا نے منشیات سمگلنگ کیس میں سیشن عدالت فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا

پاکستان اسلامک اسٹڈیز کے لیے آئی تھی،بے قصور ہوں ،کسٹم حکام نے اپنی طرف سے الزام لگایا ہے،سزا کے فیصلے کو کالعدم قرار دیکر رہائی کا حکم دیا جائے، درخواست میں موقف
لاہور(میڈیا92نیوز آن لائن) جمہوریہ چیک سے تعلق رکھنے والی ماڈل ٹریزا نے منشیات اسمگلنگ کیس میں سیشن عدالت کی جانب سے سزا کے فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا۔ منگل کے روز لاہور ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں ماڈل نے موقف اختیار کیا کہ ٹرائل کورٹ نے حقائق کے برعکس منشیات کیس میں سزا کا فیصلہ سنایا ۔ کیس میں وہ بے قصور ہیں، منشیات کا الزام کسٹم حکام نے اپنی طرف سے لگایا۔غیر ملکی ماڈل ٹریزا کا مزید کہنا تھا کہ وہ پاکستان اسلامک اسٹڈیز کے لیے آئی تھیں۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ ٹرائل کورٹ کا آٹھ سال سے زائد سزا سنانے کا فیصلہ کالعدم قرار دیکر رہا کرنے کا حکم دیا جائے۔ واضح رہے کہ 20 مارچ کو لاہور کی سیشن عدالت نے جمہوریہ چیک سے تعلق رکھنے والی ماڈل ٹریزا کو منشیات اسمگلنگ کیس میں 8 سال 8 ماہ قید کی سزا سنائی تھی۔سزا کے ساتھ عدالت نے ماڈل کو ایک لاکھ 13 ہزار روپے کا جرمانہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا تھا۔خیال رہے کہ 10 جنوری 2018 کو محکمہ کسٹم نے لاہور سے ابوظہبی جانے والی جمہوریہ چیک کی خاتون سے تقریباً 9 کلو ہیروئن برآمد کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …