بلوچستان: لورالائی میں انٹیلی جنس آپریشن:4 خود کش حملہ آور ہلا ک،4اہلکار زخمی

سیکیورٹی فورسز نے ناصر آباد میں علاقہ کو گھیرے میں لینے کے بعد ایک مکان پر چھاپہ مارا، مقابلے کے بعد مکان میں موجود دہشت گردوں نے خود کو دھماکہ سے اڑا لیا ، مکان میں موجود خاتون سمیت چاروں دہشت گرد ہلاک ہو گئے، اے ایس پی عطاءالرحمان
لورالائی(میڈیا92نیوز آن لائن) بلوچستان کے ضلع لورالائی میں انٹیلی جنس آپریشن کے دوران 4 خود کش حملہ آور ہلاک ہو گئے جب کہ 4 اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔اے ایس پی لورالائی عطاالرحمان کے مطابق لورالائی میں دہشت گردوں کی موجودگی پر سیکیورٹی فورسز انٹیلی جنس آپریشن کرتے ہوئے ناصر آباد میں علاقہ کو گھیرے میں لینے کے بعد ایک مکان پر چھاپہ مارا۔ سیکیورٹی اہلکارں نے صبح 5 بجے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن شروع کیا تھا۔دہشت گردوں نے آپریشن کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کر دی۔سیکیورٹی اہلکاروں سے مقابلے کے بعد مکان میں موجود دہشت گردوں نے خود کو دھماکہ سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں مکان میں موجود خاتون سمیت چاروں دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔اے ایس آئی عطا الرحمان کے مطابق خودکش دھماکہ میں ساتھ واقع گھر کی دیوار گر گئی جس کے ملبے تلے دب کر 4 اہلکار زخمی ہو گئے۔ جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔دہشت گردوں کے خلاف ہونے والے آپریشن میں سی ٹی ڈی اور پولیس اہلکاروں نے بھی حصہ لیا۔دوسری جانب کوئٹہ کے علاقہ سریاب روڈ پر فائرنگ سے بلوچستان یونیورسٹی کے سپریٹنڈنٹ حسین شاہ جاں بحق ہو گئے۔ حسین شاہ گھر سے دفتر جا رہے تھے کہ دہشت گردوں نے ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔دو ماہ قبل لورالائی میں ڈی آئی جی پولیس کے دفتر پر دہشت گرد حملہ میں 8 پولیس اہلکاروں سمیت 9 افراد شہید اور 21 زخمی ہوگئے تھے۔فائرنگ ڈی آئی جی لورالائی کے دفتر کے احاطے میں اس وقت کی گئی تھی جب پولیس بھرتی کے لیے ٹیسٹ لیا جا رہا تھا۔فائرنگ کے بعد 2 حملہ آوروں نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا تھا جب کہ پولیس کی فائرنگ سے دیگر 3 دہشت گرد مارے گئے تھے۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے کمپلیکس میں موجود 800 اہلکاروں کو بحفاظت باہر نکال لیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں

جینیات سے وابستہ تناؤ ہارٹ اٹیک کا خطرہ زیادہ بڑھا دیتا ہے

بوسٹن: حال ہی میں ہونے والے ایک مطالعے سے پتہ چلا ہے کہ جینیاتی طور پر …