آئیڈیاز 2018 کا آج سے کراچی میں آغاز

کراچی(نیٹ نیوز/میڈیا92نیوز) دفاعی مصنوعات کی نمائش آئیڈیاز کے سلسلے کی دسویں نمائش آئیڈیاز 2018ء آج سے کراچی ایکسپو سینٹر میں شروع ہو گی، نمائش کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں،نمائش 27 سے 30 نومبر تک جاری رہے گی۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی آج نمائش کا افتتاح کریں گے، اس مرتبہ شریک ملکوں اور غیرملکی مندوبین کی تعداد ماضی کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرمارشل مجاہد انور خان اورپاک نیوی کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی دفاعی نمائش کے مختلف سیشنز میں شریک ہوں گے جبکہ چیئرمین جواِئنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات سیمینار کی صدارت کریں گے۔دفاعی نمائش میں50 سے زائد ممالک کے 262 وفود شرکت کر رہے ہیں، اس بار دفاعی نمائش میں اسٹالز لگانے والوں کی تعداد ماضی کی آئیڈیاز سے زیادہ ہے۔دفاعی نمائش میں522سے زائد ملکی و غیر ملکی کمپنیاں اپنی مصنوعات پیش کر رہی ہیں، اسلحہ ساز کمپنیوں کا تعلق دنیا کے 52ملکوں سے ہے، 321غیر ملکی کمپنیاں اور201پاکستانی کمپنیاں شامل ہیں۔

دفاعی نمائش میں شرکت کرنے والے نمایاں ممالک میں چین، برطانیہ، ترکی، امریکا ، اٹلی، جرمنی، اردن، پولینڈ، روس، جنوبی کوریا، یوکرائن، متحدہ عرب امارات اور دیگر شامل ہیں۔آئیڈیاز 2018 ءمیں اس مرتبہ پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس کا اسٹال خصوصی اہمیت کا حامل ہوگا، جہاں طیارہ سازی کی صنعت میں پاکستان کی تیزرفتار ترقی اور مہارت کی بھرپور عکاسی کی گئی ہے۔ڈپٹی چیف آف ایئر اسٹاف ٹریننگ ایئر مارشل شاہد علوی نے میڈیا کو آئیڈیاز 2018ء سے متعلق بریفنگ میں بتایا کہ 6ممالک کے ایئرچیف بھی دفاعی نمائش میں شرکت کر رہے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے ڈرون اور جنگی سامان دنیا بھر میں مقبول ہو رہا ہے، دفاعی نمائش میں اسلحہ سازی کی صنعت میں نمایاں مقام رکھنے والے تقریباً تمام ممالک شریک ہیں۔امریکا، برطانیہ، جرمنی اور فرانس کی کئی بڑی کمپنیوں کے اسٹال نمایاں ہوں گے، اس مرتبہ روسی اسٹال بھی خاص توجہ کا مرکز ہوگا، جہاں بکتر شکن میزائل، اسنائپر گنز اور کمانڈوز کےلیے مخصوص اسلحہ موجود ہے۔ترکی اور چین کی شرکت بھی بہت بھر پور ہے، دونوں ملکوں کی کمپنیوں کےلیے الگ الگ ہال مختص کیے گئے ہیں۔29 نومبر کو عوام کے لیے سی ویو نشان پاکستان پر آئیڈیاز کراچی کے ایئر شو کا انعقاد ہوگا۔نمائش کیلئے ٹریفک پلانآج سے جمعے تک اسٹیڈیم فلائی اوور سے حسن اسکوائر روڈ صبح 7بجے سے عام ٹریفک کے لیے بند رہے گا، جسے شام 6بجے کھول دیا جائے گا۔کارساز سے نیشنل اسٹیڈیم آنے والا روڈ بھی عام ٹریفک کے لے بند ہو گا، ہیوی ٹریفک کو لیاقت آباد 10نمبر، نیپا چورنگی، میلینیئم اور کارساز سے متبادل راستہ دیا جائے گا، شہری کسی بھی پریشانی سے بچنے کے لیے متبادل راستہ اختیار کریں۔دفاعی نمائش کے چار دن اسٹیڈیم فلائی اوور سے حسن اسکوائر روڈ کو صبح 7بجے سے عام ٹریفک کے لیے بند کر دیا جائے گا، جبکہ شام 6بجے کھول دیا جائے گا۔رہائشی اپنا شناختی کارڈ دکھا کر اپنے گھر یا ایریا میں جاسکیں گے، کارساز سے نیشتل اسٹیڈیم آنے والا روڈ بھی عام ٹریفک کےلئے بند ہوگا۔شہید ملت روڈ سے آنے والی ٹریفک جیل فلائی اوور اور یونیورسٹی روڈ سے غریب آباد جا سکے گی، براؤن رنگ اور زرد رنگ کی پٹی والے بیریئر عام پبلک کے لیے بند ہوں گے جبکہ آسمانی رنگ اور میرون پٹی والے بیریئر سے ہیوی ٹریفک کو متبادل روٹ بھیجا جائے گا۔پلان کے مطابق کسی بھی قسم کے ہیوی ٹریفک کو نیشنل اسٹیڈیم کی طرف جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ہیوی ٹریفک کو لیاقت آباد 10نمبر، نیپا چورنگی، میلینیئم اور کارساز سے متبادل راستہ دیا جائے گا۔لیاقت آباد، غریب آباد سے کارساز آنے والی عام ٹریفک کو صہبا اختر روڈ کی طرف موڑا جائے گا، صہبا اختر سے ٹریفک کو یونیورسٹی روڈ یو ٹرن سے کے ڈی اے سوسائٹی کی طرف بھیجا جائے گا، نیو ٹاؤن سے آنے والے ٹریفک کو لیاقت آباد جانے دیا جائے گا۔صرف مخصوص اسٹیکر لگی ہوئی گاڑیاں اسٹیڈیم روڈ سے کراچی ایکسپو سینٹر کی طرف جائیں گی، جہاں وہ مخصوص پارکنگ میں کھڑی کی جائیں گی اور عام ٹریفک کواسٹیڈیم پل سے اسٹیڈیم روڈ کی طرف موڑ دیا جائے گا، تمام روٹس اور راستے پر پارکنگ کی اجازت نہیں ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں

جینیات سے وابستہ تناؤ ہارٹ اٹیک کا خطرہ زیادہ بڑھا دیتا ہے

بوسٹن: حال ہی میں ہونے والے ایک مطالعے سے پتہ چلا ہے کہ جینیاتی طور پر …