کوشش ہوگی مزید اچھی پرفارمنس دوں،محمد عباس کا وطن واپسی پر شاندار استقبال

کراچی(نیٹ نیوز)آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے ہیرو محمد عباس کا کہنا ہے کہ بولنگ کے شعبے میں ذمے داری بڑھ گئی اور اب میری کوشش ہوگی کہ وہ پاکستان کے لیے مزید اچھی پرفارمنس دکھائیں، پاکستان کے لیے کھیلنے سے پہلے بہت پیش کشیں ہوئیں لیکن ہمت نہیں ہاری۔ہفتے کی صبح محمد عباس وطن واپس پہنچ گئے ۔ سیالکوٹ ائیرپورٹ پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔محمد عباس کے استقبال کے لیے اہل خانہ،دوستوں سمیت اہل علاقہ بھی ائیرپورٹ پر موجود تھے جہاں ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور ڈھول بجائے گئے۔محمد عباس نے کہا کہ اللہ تعالیٰ اور اپنی محنت پر یقین تھا۔محمد عباس نے بتایا کہ میں نے کاؤنٹی کرکٹ میں بھی بہت اچھا پرفارم کیا تھا اور اس میں آرام کا موقع بالکل نہیں ملتا، میں نے کاؤنٹی کرکٹ کو جاری رکھا جس کا نتیجہ آپ کے سامنے ہے۔ ایک صحافی کے سوال پر کہ کیا آپ ماضی میں کرکٹ سے مایوس ہوکر پاکستان چھوڑ گئے تھے؟محمد عباس نے جواب دیا کہ جب پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ ختم ہوجاتی تھی تو میں
کھیلنے کے لیے عمان جاتا تھا۔ میں اپنے علاقے سے پہلا کرکٹر ہوں، مجھے دیکھ کر دیگر نوجوانوں کو بھی شوق پیدا ہوا ہے اور میں ان کی مدد کے لیے ہمیشہ دستیاب ہوں۔محمد عباس کا کہنا تھا کہ انہیں مزدوری کرنے اور چمڑے کی فیکٹری میں کام کرنے پر فخر ہے۔محمد عباس نے کہا کہ وہ بہترین کارکردگی پر اللہ تعالیٰ کے بے حد مشکور و ممنون ہیں۔محمد عباس کا کہنا تھا کہ کہ ابھی ان کا مقصد مکمل نہیں ہوا اور وہ آئندہ میچز میں مزید اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔ اللہ کی ذات سے امید تھی کہ انہیں ضرور کامیابی ملے گی۔واضح رہے کہ قومی ٹیم کے میڈیم فاسٹ بولر محمد عباس نے ابو ظہبی ٹیسٹ میں شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلوی بیٹنگ لائن کو تباہ کیا اور 10 وکٹیں اپنے نام کیں، شاندار کارکردگی پر انہیں مین آف دی میچ اور سیریز قرار دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں

جینیات سے وابستہ تناؤ ہارٹ اٹیک کا خطرہ زیادہ بڑھا دیتا ہے

بوسٹن: حال ہی میں ہونے والے ایک مطالعے سے پتہ چلا ہے کہ جینیاتی طور پر …