آج سے سجے گا 18ویں ایشین گیمز کا میدان


کراچی (سپورٹس ڈیسک/میڈیا92نیوز) 18ویں ایشین گیمز کا آغاز آج سے ہورہا ہے.
18ویں ایشین گیمز کی رنگارنگ افتتاحی تقریب ہفتہ 18اگست کو جکارتاکے گیلورا بنگ کارنواسٹیڈیم اوتاما میں ہوگی۔ جس میں انڈونیشیا کی خوبصورت ثقافت کی جھلکیاں نمایاں ہوں گی۔45 ممالک کے 11ہزار سے زائد ایتھلیٹس صلاحیتوں کا اظہار کریں گے۔گیمز آرگنائزنگ کمیٹی کے صدرایرک تھوہیر مہمان خصوصی ہوں گے۔ افتتاحی تقریب میں پاکستانی دستے کی قیادت قومی ہاکی ٹیم کے کپتان محمد رضوان سینئر کریں گے۔ تقریب کے موقع پر پاکستان اولمپک ایسو سی ایشن کے سربراہ جنرل (ر) عارف حسن اور دیگر عہدیدار بھی موجود ہوں گے۔ پاکستان گیمز کے 45 میں سے 35 کھیلوں کے مقابلوں میں شرکت کررہا ہے جس میں مردوں کی ٹیمیں 35 اور خواتین کے15 مقابلوں میں شامل ہوگی۔ گیمز میں شرکت کیلئے پاکستان کی ریسلنگ، والی بال، تائی کوانڈو، ووشو، کبڈی، بیڈمنٹن، فینسنگ، سوئمنگ، جمناسٹک کی ٹیمیں جمعے کو جکارتہ پہنچ گئیں۔ لیفٹ ان کی پوزیشن پرکھیلنے والے 28سالہ محمدرضوان سینئر2011 سے قومی ہاکی ٹیم کاحصّہ ہیں اور اب تک 39گول

اسکور کرچکے ہیں۔ محمدرضوان 2010 میں چین کے شہرگوانگزو میں ہونے والے ایشین گیمز میں گولڈ جبکہ 2014میں کوریا کے شہر انچیون میں منعقد ہونے والے ایشین گیمز میں سلور میڈل جیتنے والی پاکستانی ٹیم کاحصّہ رہے ہیں جبکہ ورلڈ کپ اور چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کا بھی اعزاز رکھتے ہیں۔ دریں اثناء پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹنینٹ جنرل (ر) سیّد عارف حسن نے ایتھلیٹ ولیج میں قومی ہاکی ٹیم کے مینیجر حسن سردار، ہیڈ کوچ رولینٹ آلٹمینز اور کپتان محمد رضوان سینئر سمیت ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں سے ملاقات کی اس موقع پر پاکستانی دستے کے چیف ڈی مشن سیّد عاقل شاہ، پی او اے کے نائب صدور چوہدری محمد یعقوب، شوکت جاوید اور سیکرٹری جنرل محمدخالد محمود بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ جنرل عارف حسن نے کہا کہ ایشین گیمز میں پاکستان ہاکی ٹیم سے قوم کی بہت توقعات وابستہ ہیں پچھلے چند ماہ میں ہاکی ٹیم کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے اور آج ہم دنیا کی کسی بھی ٹیم کوشکست دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ہاکی ٹیم کا مورال بلند کرنے کیلئے ایشین گیمز کی افتتاحی میں قومی دستے کی قیادت کپتان محمدرضوان سینئر کو دی گئی ہے ،امید ہے کہ ہاکی ٹیم کیجانب سے اچھی خبرملے گی، کھلاڑی بھرپور محنت اور اپنی تمام ترصلاحیتوں کامظاہرہ کرتے ہوئے جیت کی لگن اور جذبے کے ساتھ میدان میں اتریں کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے انڈونیشیا میں مقیم پاکستانی فیملیز میچز دیکھنے کیلئے گرائونڈ میں آئیں۔ اس موقع پر منیجرہاکی ٹیم حسن سردار کا کہنا تھا کہ کھلاڑی ایشین گیمز میں بہترین کارکردگی دکھانے کیلئے سخت محنت کررہے ہیں ٹیم کا کامبینیشن اچھا ہے پریکٹس میچ میں جاپان کوشکست دی ہے دیگر ٹیموں کو فوکس کیا ہوا ہے ٹیم ایک مربوط حکمت عملی کے تحت گرائونڈ میں اترے گی

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …