کون بنے گا سندھ اور خیبر پختونخوا کا قائد ایوان ؟ فیصلہ آج

اسلام آباد(نیٹ نیوز/میڈیا92نیوز) سندھ اور خیبر پختونخوا کا وزیر اعلیٰ کا فیصلہ آج ہوگا، اور بلوچستان کا اسپیکر بھی آج منتخب ہوگا.
سندھ پر آئندہ 5سال کون راج کرے گا؟ وزیر اعلیٰ سندھ کا انتخاب آج ہو گا،پیپلز پارٹی کے امیدوار مراد علی شاہ اور اپوزیشن اتحا د کے شہر یار مہر میں مقابلہ ہو گا۔
خیبر پختون خوا کے نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب آج ہوگا، پاکستان تحریک انصاف کے محمودخان اور متحدہ اپوزیشن کے میاں نثار گل کے درمیان مقابلہ ہوگا۔

خیبرپختونخوا اسمبلی کااجلاس صبح 11بجےطلب کیا گیا ہے،جس کی صدارت نومنتخب اسپیکر مشتاق احمد غنی کریں گے۔
نئے وزیراعلیٰ کے منصب کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے سوات سے منتخب رکن اسمبلی اور سابق صوبائی وزیر محمود خان نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں۔
متحدہ اپوزیشن کی جانب سے اس عہدے کے لیے کرک سے منتخب جے یو آئی کے رکن اسمبلی میاں نثار گل نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔
ادھر خیبرپختون خوا کے نگراں وزیر اعلیٰ نے وزیر اعلیٰ ہاؤس خالی کر دیا ہے،جسٹس ریٹائرڈ دوست محمد خان اسلام آباد منتقل ہو گئے ہیں۔
دوسری جانب بلوچستان اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب آج ہوگا، بلوچستان عوامی پارٹی اور اتحادیوں نے اسپیکر کے لیے قدوس بزنجو اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے پی ٹی آئی کے سردار بابر موسیٰ خیل کو امیدوار نامزد کیا ہے، اپوزیشن کی جانب سے اب تک نام سامنے نہیں آئے ہیں۔
بلوچستان اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے کاغذات نام زدگی آج دوپہر 12بجے تک جمع اور ڈھائی بجے تک واپس لیے جا سکتے ہیں۔
پولنگ کے لیے بلوچستان اسمبلی کی کارروائی اسپیکر راحیلہ حمید درانی کی صدارت میں سہ پہر 3بجے شروع ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں

جینیات سے وابستہ تناؤ ہارٹ اٹیک کا خطرہ زیادہ بڑھا دیتا ہے

بوسٹن: حال ہی میں ہونے والے ایک مطالعے سے پتہ چلا ہے کہ جینیاتی طور پر …