سندھ اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں میں بھی نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے اجلاس جاری

کراچی/پشاور:(نیٹ نیوز/میڈیا92نیوز) سندھ اور خیبرپختونخوا اسمبلی کے نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے اجلاس جاری ہیں۔
سندھ اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب شو آف ہینڈ کے ذریعے ہوگا جب کہ اسمبلی اجلاس کی صدارت پریزائڈنگ افسر رکن پیپلز پارٹی نادر مگسی کر رہے ہیں۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے اسپیکر کے لیے آغا سراج درانی اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے ریحانہ لغاری امیدوار ہیں جب کہ متحدہ اپوزیشن کی طرف سے اسپیکر کے لیے جاوید حنیف اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے رابعہ اظفر امیدوار ہیں۔
خیبرپختونخوا اسمبلی کے نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب بھی آج عمل میں لایا جائے گا جس کے لیے تحریک انصاف کے امیدوار مشتاق غنی کا مقابلہ اپوزیشن کے لائق محمد خان سے ہوگا جو اسپیکر کے امیدوار ہیں۔
ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا کے لیے محمود جان کا مقابلہ اپوزیشن کے جمشید مہمند سے ہوگا۔
خیبرپختونخوا اسمبلی 124 ارکان پر مشتمل ہے جس میں سے 112 ارکان ووٹ کا استعمال کریں گے، اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے ارکان کی تعداد 75ہے۔
یاد رہے کہ خیبرپختونخوا اسمبلی میں 7 نشستیں خالی کردی گئی ہیں جس میں سے 6 نشستیں پی ٹی آئی کی تھیں جب کہ 3 حلقوں پر ابھی انتخابات ہونے ہیں، پی ٹی آئی کی 2 خواتین کی مخصوص نشستیں بھی خالی ہیں۔
بلوچستان اسمبلی کے اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے اجلاس کل شام 4 بجے ہوگا جس کی صدارت اسپیکر راحیلہ حمید درانی کریں گی۔
بلوچستان عوامی پارٹی اور اتحادی جماعتوں کی جانب سے اسپیکر کے لیے عبدالقدوس بزنجو امیدوار ہیں جب کہ ڈپٹی اسپیکر کے لئے پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی عمر خان جمالی کا نام سامنےآیا تھا۔
بلوچستان اسمبلی میں نئے اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب خفیہ رائے شماری کے ذریعے کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں

جینیات سے وابستہ تناؤ ہارٹ اٹیک کا خطرہ زیادہ بڑھا دیتا ہے

بوسٹن: حال ہی میں ہونے والے ایک مطالعے سے پتہ چلا ہے کہ جینیاتی طور پر …