کیپٹن صفدر کی گرفتاری سندھ حکومت کی ہدایت پر نہیں ہوئی: سعید غنی

کراچی: صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی نے کیپٹن صفدر کی گرفتاری کو پی ڈی ایم میں خلیج پیدا کرنے کی سازش کا حصہ قرار دے دیا۔

ٹوئٹر پر جاری بیان میں سعید غنی نے کہا کہ مزار قائد پر کیپٹن صفدر نے جو کچھ کیا وہ نامناسب تھا لیکن جس انداز میں کراچی پولیس نے گرفتاری کی ہے وہ قابل مذمت ہے۔

انہوں نے کہا کہ کیپٹن صفدر کی گرفتاری سندھ حکومت کی ہدایات پر نہیں ہوئی، پولیس کا یہ اقدام PDM کی جماعتوں میں خلیج پیدا کرنے کی سازش کا حصہ ہے جسے ہم ناکام بنائیں گے۔

سعید غنی کی جیونیوز سے گفتگو
دوسری جانب جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ اس حوالے سے وزیراعلیٰ پر کوئی دباؤ نہیں تھا، جو کچھ ہوا نا مناسب ہے اور کیپٹن صفدر کی گرفتاری قابلِ مذمت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں پی ٹی آئی کی جانب سے درخواست دی گئی جب کہ عمران خان جب خود مزار قائد پر گئے تھے تو کیا ہوا تھا، پی ٹی آئی والوں نے کہا کہ ہم آئی جی پر دباؤ ڈالیں گے۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھاکہ کل شام 7بجے کوئی مقدمہ درج نہیں ہوا، مقدمے میں وقت غلط لکھا گیا ہے جب کہ یہ فیصلہ ہمیں بتائے بغیر ہوا، اگر اس پر کوئی فیصلہ ہونا تھا تو ہمیں اعتماد میں لینا چاہیے تھا، اب بطور حکومت یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ جو کچھ ہو اس کا ازالہ کریں، یہ سب کچھ ہمارے درمیان دوریاں پید اکرنے کے لیے ہوا ہے، امید ہے پی ڈی ایم کی قیادت یہ سب سمجھ رہی ہوگی۔

سعید غنی نےمزید کہا کہ ہم سے کیپٹن صفدر کی گرفتاری کا کہا جاتا تو ہم اس کی قطعاً اجازت نہیں دیتے۔

یہ بھی پڑھیں

جینیات سے وابستہ تناؤ ہارٹ اٹیک کا خطرہ زیادہ بڑھا دیتا ہے

بوسٹن: حال ہی میں ہونے والے ایک مطالعے سے پتہ چلا ہے کہ جینیاتی طور پر …