’پاکستانی عوام نے مذہب کی بنیاد پر کبھی امتیازی سلوک نہیں کیا‘

اسلام آباد(میڈیا92نیوز آن لائن)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیسٹ کرکٹر اور لیگ اسپنر دانش کنیریا کا کہنا ہے کہ انہیں پاکستان میں کبھی بھی مذہب کی بنیاد پر امتیازی سلوک کا نشانہ نہیں بنایا گیا۔خیال رہے کہ گذشتہ دنوں سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے ٹی وی پروگرام میں الزام لگایا تھا کہ ہندو ہونے کی وجہ سے پاکستان ٹیم کے کچھ کھلاڑی دانش کنیریا کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھتے تھے اور ان کے ساتھ کھانا پینا پسند نہیں کرتے تھے۔

شعیب اختر کا انٹرویو سامنے آنے کے بعد دانش کنیریا نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ وہ سچ دنیا کے سامنے لانے پر شعیب اختر کا شکریہ اداکرتے ہیں، ان کی باتوں میں وزن ہے، کچھ کھلاڑیوں کا رویہ ان کے ساتھ ایسا تھا لیکن وہ اس کواہمیت نہیں دیتے تھے اور توجہ صرف کرکٹ پر مرکوز رکھتے تھے ۔دانش کنیریا کا مزید کہنا تھا کہ ان باتوں کو سیاست سے نہ جوڑا جائے، انہیں پاکستانی اور ہندو ہونے پر فخر ہے۔تاہم سوشل میڈیا پر بحث َچھڑ جانے کے بعد دانش کنیریا نے اپنی ایک اور ٹوئٹ میں وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں پاکستانی عوام کی جانب سے کبھی بھی مذہب کی بنیاد پر امتیازی سلوک کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

پاکستان کی جانب سے 61 ٹیسٹ میچوں میں 261 وکٹیں حاصل کرنے والے لیگ اسپنرکا کہنا تھا کہ انہیں فخر ہے کہ انہوں نے پاکستان کے لیے ایمانداری کے ساتھ کرکٹ کھیلی، اب یہ حکومت پاکستان اور پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) پر ہے کہ وہ میری قسمت کا کیا فیصلہ کرتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ حکومت اور کرکٹ بورڈ کی جانب سے میرے معاملے پر خاموشی دنیا کو یہ کہنے کا موقع دے گی کہ میرے ساتھ امتیازی سلوک ہوا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو ٹوئٹ میں ٹیگ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس معاملے پر دنیا کو سیاست کرنے کا کوئی بھی موقع نہیں دینا چاہیے۔’ غلطی قبول کرنے پر بھی حکومت اورپی سی بی نے مدد نہیں کی’ایک اور ٹوئٹ میں دانش کنیریا کا کہنا تھا کہ یہ بھی حقیقت ہے کہ مجھ پر پابندی لگنے اور میری جانب سے غلطی قبول کیے جانے کے بعد بھی حکومت اورپی سی بی نے میری مدد نہیں کی جب کہ دوسری جانب ایسی ہی صورتحال کا سامنا کرنے والے کھلاڑی پاکستان کرکٹ بورڈ کی مدد سے پاکستان کے لیے دوبارہ کھیلنے میں کامیاب رہے۔

دانش کنیریا نے نام تو نہیں لیا تاہم ان کا اشارہ محمد عامر اور شرجیل خان کی طرف تھا ، محمد عامر پابندی ختم ہونے کے بعد قوم ٹیم کا اہم حصہ ہیں جب کہ شرجیل خان بھی پابندی ختم ہونے کے بعد کرکٹر بحالی پروگرام پورا کرنے میں مصروف ہیں جس کے بعد پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020 میں کراچی کنگز کی نمائندگی کریں گے۔

شرجیل خان کو کلب کرکٹ کھیلنے کی اجازت مل گئی یاد رہے کہ انگلش کرکٹ بورڈ نے 2012 میں دانش کنیریا کو کاؤنٹی کرکٹ میں انگلش کرکٹر ویسٹ فیلڈ کو فکسنگ پر اُکسانے کے جرم میں تاحیات پابندی عائد کی تھی۔پابندی کے 6 سال بعد دانش کنیریا نے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا تھا تاہم ان کا شکوہ ہے کہ انہیں دوبارہ کرکٹ میں واپسی کے لیے مدد فراہم نہیں کی گئی۔یاد رہے کہ یہی شکایات سابق پاکستانی کپتان سلمان بٹ اور فاسٹ بولر محمد آصف کو بھی ہے۔

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …