منتخب حکومت کو گرانے کیلئے غیر جمہوری زبان استعمال ہو رہی ہے: شیخ رشید

(میڈیا92نیوزآن لائن) وزیر ریلوے شیخ رشید نے اپوزیشن کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ منتخب حکومت کو گرانے کے لیے غیر جمہوری اور غیر پارلیمانی زبان استعمال ہو رہی ہے۔

راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کی ضمانت ہوئی جو اچھی بات ہے، نیب کی ریکوری آ رہی ہے جو اچھی چیز ہے، اب ملک بہتری کی طرف جائے گا۔ شیخ رشید کا کہنا تھا حکومت نے معیشت کومستحکم کردیا ہے، تین ماہ میں مہنگائی میں بھی کمی آئے گی، بجلی گیس کے بل ٹھیک ہو جائیں گے۔

ریلوے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے ایک بار پھر 3 سال میں ریلوے کا خسارہ ختم کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ فری ٹریڈ پالیسی لا رہے ہیں اور 12 سے 15 فریٹ ٹرینیں چلا رہے ہیں۔ مارچ تک 5 کیسز میں پلی بارگین آجائے گی، بلاول بچپن سے ان پانچ کیسز میں ڈائریکٹر ہیں، پلی بارگین نہ ہوئی تو بلاول کا سیاسی مستقل ختم ہو جائے گا، شیخ رشید

شیخ رشید نے کہا کہ سرگودھا ڈویژن سے بھی آج ٹرین چلا رہے ہیں اور رائیونڈ اسٹیشن سے بھی ٹرین چلائیں گے۔ ان کا کہنا تھا ریلوے کے گریڈ ایک سے گریڈ 6 تک کے ملازمین کی مراعات کے لیے وزیراعظم سے بات کروں گا۔ گزشتہ روز اسلامک یونیورسٹی میں دو طلبہ تنظیموں کے درمیان ہونے والے تصام کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا اسلام آباد میں طلبہ تنظیموں کے درمیان تصادم کا واقعہ افسوسناک ہے۔

بھارت میں شہریت سے متعلق متنازع بل پر بات کرتے ہوئے وزیر ریلوے نے کہا کہ کشمیر کے علاوہ پورے بھارت میں مسلمانوں کے گردگھیرا تنگ کیا جا رہا ہے، ہندوستان کے مسلمان پوری دنیا کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ شیخ رشید نے کہا کہ ہم ایٹمی طاقت ہیں اور مسلمانوں کی ذمہ داری اب ہم پر ہے۔

چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر شیخ رشید نے کہا کہ تمام جماعتوں کا فرض ہے کہ مشترکہ الیکشن کمشنر لے کر آئیں۔ اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیر ریلوے کا کہنا تھا منتخب حکومت کو گرانے کے لیے غیر جمہوری اور غیر آئینی زبان استعمال کی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں

جینیات سے وابستہ تناؤ ہارٹ اٹیک کا خطرہ زیادہ بڑھا دیتا ہے

بوسٹن: حال ہی میں ہونے والے ایک مطالعے سے پتہ چلا ہے کہ جینیاتی طور پر …