Policemen detain a lawyer (R) following a clash between lawyers and doctors in Lahore on December 11, 2019. - At least three heart patients died on December 11 after a group of lawyers attacked doctors at a cardiac hospital in Pakistan's eastern city of Lahore, officials and ministers said. (Photo by ARIF ALI / AFP)

لاہور: امراض قلب کے ہسپتال پر دھاوا، 250 وکلا کے خلاف دہشتگردی کے مقدمات درج

(میڈیا92نیوز آن لائن) لاہور کے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) میں مبینہ طور پر ڈاکٹروں اور عملے کو تشدد کا نشانہ بنانے، ہسپتال کی املاک اور پولیس کی گاڑیوں کو نقصان پہنچانے والے 250 سے زائد وکلا کے خلاف 2 ایف آئی آر درج کرلی گئی ہیں۔

گزشتہ روز وکلا نے چند ہفتے قبل پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں مار پیٹ کا شکار ہونے والے وکلا کے ایک گروہ کا بظاہر بدلہ لینے کی مشن پر پی آئی سی میں پرتشدد مظاہرہ کیا تھا سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کلپ میں کچھ ڈاکٹروں کو اس واقعے کا ذکر کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا، جس میں مبینہ طور پر وکلا کا ‘مذاق’ اڑایا گیا تھا۔لاہور کے ہسپتال دھاوا بولنے والوں میں اکثر سیاہ لباس اور ٹائی میں ملبوس نوجوان تھے جنہوں نے ہسپتال کی حدود کسی شخص کو نہیں بخشا جہاں امراض قلب کے کئی مریض کسی بھی وقت زیرِ علاج ہوتے ہیں۔

صورتحال اس وقت خراب ہوئی جب مشتعل گروہ نے ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ پر کچھ ڈاکٹروں کی تلاش میں دھاوا بولا تھا جبکہ خطرے کے پیشِ نظر ڈاکٹرز فرار ہوگئے تھے۔
ڈاکٹروں کی غیر موجودگی میں کچھ مریضوں کی حالت بگڑنے پر ایک لڑکی اور عمر رسیدہ خاتون سمیت پی آئی سی کے 3 مریض جاں بحق ہوگئے تھے۔

گزشتہ روز پہلی ابتدائی اطلاعی رپورٹ (ایف آئی آر) پی آئی سی کی شکایت پر شادمان پولیس اسٹیشن میں درج کی گئی تھی جس میں لاہور بار ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری ملک مسعود کھوکر، لاہور بار ایسوسی ایشن کے نائب صدر اعجاز بسرا اور لاہور بار ایسوسی ایشن کے صدارتی امیدوار رانا انتظار کو وکلا کی قیادت کرنے، انہیں اشتعال دلانے اور ہدایات دینے پر نامزد کیا گیا ہے کہ ڈاکٹروں اور طبی عملے سمیت جو بھی ان کی راہ میں آئے بچ کر نہیں جاسکے۔

ایف آئی آر پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی جانب سے ثاقب شفیع شیخ کی شکایت پر انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 7 اور تعزیرات پاکستان کی دفعات 322( قتل و غارت گری)، 452 ( زخمی کرنے، حملے یا حبس بے جا کے لیے تیاریوں کے بعد کسی جگہ بے جا مداخلت کرنے)،352 (سرکاری ملازم کو فرائض کی انجام دہی سے منتشر کرنے کے لیے حملہ یا مجرمانہ قوت کا استعمال)، 186، 354 (کسی خاتون کی بے حرمتی کے ارادے سے اس پر حملہ کرنا)، 148 (فسادات، مہلک ہتھیاروں سے لیس ہونا)، ،149 ( غیرقانونی عمل) 337-ایچ (2) ( غفلت کے نتیجے میں زخمی کرنے پر سزا ) اور 395 (ڈکیتی کی سزا) کے تحت درج کی گئی ہے۔

ایف آئی آر کے شکایت کنندہ کے مطابق گزشتہ دوپہر وہ اپنے دفتر میں موجود تھے کہ چوکی انچارج نے ٹیلیفون آپریٹر کے ذریعے آگاہ کیا کہ 200 سے 250 مرد اور خواتین وکلا پی آئی سی کی طرف آرہے ہیں۔

شکایت کنندہ نے بتایا کہ اطلاع موصول ہونے کے بعد انہوں نے ہسپتال میں موجود ڈاکٹروں کو بتایا جو پی آئی سی کے ایمرجنسی وارڈ میں وکلا کی آمد سے متعلق سیکیورٹی الرٹ کے لیے پہنچے تھے۔

انہوں نے بتایا تقریبا آدھے گھنٹے بعد 200 سے 250 وکلا پی آئی سی کے ایمرجنسی گیٹ پر تعینات پولیس کی بھاری نفری کو دھکے دیتے ہوئے ایمرجنسی گیٹ کو توڑ کر زبردستی پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں داخل ہوئے جن میں سے کچھ کے پاس اسلحہ اور ڈنڈے بھی تھے۔

ایف آئی آر کے مطابق کئی گروہوں میں تقسیم وکلا انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو)، آپریشن تھیٹر اور ریڈیالوجی سمیت پی آئی سی کے مختلف ڈپارٹمنٹس میں داخل ہوئے جہاں انہوں نے سیکیورٹی گارڈز، طبے عملے اور ڈاکٹروں کو زد و کوب کیا۔

اس میں مزید کہا گیا کہ وکلا نے ہسپتال کے قیمتی آلات بھی توڑے جس سے ہسپتال میں زیرِ علاج مریضوں اور ان کے اہلِ خانہ میں خوف و ہراس پیدا ہوا۔

ایف آئی آر کے مطابق ہسپتال میں تباہی کے نتیجے میں مریضوں کو دی جانے والے طبی سہولیات معطل ہوگئی جو 3 مریضوں کی اموات کا باعث بنی۔

اس میں مزید بتایا گیا کہ پارکنگ لاٹ میں موجود ڈاکٹروں کی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔

ایف آئی آر کے مطابق وکلا کی جانب سے ہسپتال میں تعینات 2 سیکیورٹی گارڈز کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور ان کی حالت سنگین ہونے کے بعد علاج کے لیے سروسز ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

اس میں مزید کہا گیا وکلا کے ایک گروہ نے نرسز ہسپتال میں داخل ہو کر وہاں بھی توڑ پھوڑ کی، وکلا نے عملے کو ہراساں کیا، نرسز ہسپتال کی انچارج کے ساتھ بدتمیزی کی اور ان کے گلے میں پہنا ہوا لاکٹ چھین لیا تھا۔

ایف آئی آر کے مطابق صورتحال بے قابو ہونے پر پولیس کی مزید نفری پی آئی سی پہنچی اور جب انہوں نے وکلا کو ہسپتال سے باہرنکالنا چاپا تو ان میں سے کچھ نے فائرنگ شروع کردی۔

اس میں مزید بتایا گیا کہ واقعہ تقریبا 2 گھنٹے تک جاری رہا جبکہ زخمیوں اور آلات کو نقصان پہنچنے سے متعلق معلومات بعد میں دی جائیں گی۔

دوسری ایف آئی آر
مذکورہ معاملے پر دوسری ابتدائی اطلاعی رپورٹ پولیس کی جانب سے درج کی گئی ہے اس میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعات شامل ہیں۔

شکایت کنندہ انسپکٹر سید انتخاب حسین کے مطابق پستول اور ڈنڈوں سے لیس وکلا ان کی پولیس گاڑی کے پاس آئے اور انہیں جان سے ماردینے کی نیت سے ان پر فائرنگ کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ صورتحال کی سنگینی کا احساس ہوتے ہی وہ گاڑی میں بیٹھے اور فوری طور پر وہاں سے نکلنے کی کوشش کی اس دوران ان کی گاڑی فٹ پاتھ پر چڑھ گئی اور وکلا نے گاڑی کو گھیرلیا اور اسے نقصان پہنچانا شروع کردیا۔ شکایت کنندہ انسپکٹر نے کہا کہ مظاہرین میں سے ایک نے کہا کہ پولیس کی گاڑی کو آگ لگادو اور پولیس عہدیداران کو جان سے مار ڈالو۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مظاہرین نے پولیس کی گاڑی پر فائرنگ اور اسے آگ لگائی۔

گزشتہ روز انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 7 اور تعزیرات پاکستان کی دفعہ 290(عوام کو تکلیف پہنچانے)، 291 (حکم کے باجود پریشانی کا باعث بنے رہنے )، 148 (فسادات، مسلح ہتھیار سے لیس ہونے)، 353 (حملہ)، 324(اقدام قتل)، 436 ( گھر وغیرہ تباہ کرنے کے مقصد سے آگ یا دھماکا خیز مواد کا استعمال) اور 186 (سرکاری ملازم کے عوامی کاموں میں رکاوٹ بننے) کے تحت وکلا کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ۔

معاملہ شروع کہاں سے ہوا؟
یہ معاملہ اس وقت شروع ہوا جب چند روز قبل کچھ وکلا پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیولوجی میں ایک وکیل کی والدہ کے ٹیسٹ کے لیے گئے، جہاں مبینہ طور پر قطار میں کھڑے ہونے پر وکلا کی جانب سے اعتراض کیا گیا۔

اسی دوران وکلا اور ہسپتال کے عملے دوران تلخ کلامی ہوئی اور معاملہ ہاتھا پائی تک پہنچ گیا اور مبینہ طور پر وہاں موجود وکلا پر تشدد کیا گیا۔

مذکورہ واقعے کے بعد دونوں فریقین یعنی وکلا اور ڈاکٹرز کی جانب سے احتجاج کیا گیا اور ایک دوسرے پر مقدمات درج کرنے کا مطالبہ کیا گیا، تاہم بعد ازاں ڈاکٹرز کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

س مقدمے کے اندراج کے بعد وکلا کی جانب سے کہا گیا کہ ایف آئی آر میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعات شامل کریں، تاہم پہلے ان دفعات کو شامل کیا گیا بعد ازاں انہیں ختم کردیا گیا۔

جس کے بعد ینگ ڈاکٹرز کی جانب سے ایک پریس کانفرنس میں مذکورہ واقعے پر معافی مانگ لی گئی اور معاملہ تھم گیا۔

تاہم گزشتہ روز ینگ ڈاکٹرز کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں ایک ڈاکٹر کو اس واقعے کا ذکر کرتے ہوئے دیکھا گیا، جس میں مبینہ طور پر وکلا کا ‘مذاق’ اڑایا گیا تھا، جس پر وکلا نے سوشل میڈیا پر ڈاکٹر کے خلاف مہم شروع کردی۔

اس معاملے پر بدھ کو ایوان عدل میں لاہور بار ایسوسی ایشن کا اجلاس عاصم چیمہ کی سربراہی میں ہوا جس میں مزید کارروائی کے لیے معاملے کو جمعرات تک ملتوی کردیا گیا، تاہم کچھ وکلا نے بدھ کو ہی ڈاکٹرز کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے پی آئی سی کا رخ کیا۔

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …