روس نے پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کی پیشکش کردی

روس(میڈیا92نیوزآن لائن) نے پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی اور اس کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کے لیے تعاون کی پیشکش کردی۔

وفاقی وزیر برائےاقتصادی امور حماد اظہر اور روس کے وزیر تجارت ڈینس ویلنٹنووچ کی زیر صدارت پاکستان روس بین الحکومتی کمیشن کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔

اجلاس کے بعد حماد اظہر کے ہمراہ مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے روسی وزیرتجارت نے کہاکہ ہم اسٹیل ملز کی بحالی اور اس کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کے لیے پاکستان کو تعاون فراہم کریں گے۔ انہوں نے نارتھ ساؤتھ گیس پائپ لائن بچھانے سمیت پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے میں دلچسپی ظاہر کی۔

روسی وزیر کا کہنا تھا کہ روس جہاز سازی کے شعبے میں پاکستان کے ساتھ تعاون کا خواہاں ہے جب کہ زراعت کے شعبے میں بھی تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں، اس کے علاوہ روس پاکستان کے ساتھ ریلوے کے شعبے میں بنیادی ڈھانچے اور ریل گاڑیوں کی مقامی تیاری کے شعبے میں تعاون بڑھانا چاہتا ہے۔

اس موقع پر اقتصادی امور کے وزیر حماد اظہر نے کہا کہ پاکستان روس کے ساتھ تعلقات کو تزویراتی شراکت داری میں بدلنے کا خواہش مند ہے۔

‘روس کےساتھ ریلوےکے شعبے میں مل کرکام کرنےکیلئے تیار ہیں’: حماد اظہر نے کہا کہ روس کی کمپنیاں پاکستان میں تیل و گیس کے شعبے میں سرمایہ کاری کریں۔ پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی میں روس کی جانب سے تعاون کی پیشکش کو سراہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان روس کے ساتھ ریلوے کے شعبے میں مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے اور کوئٹہ تفتان ریلوے سیکشن کی اپگریڈیشن پر بھی مل کر کام کرنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک میں تجارت ، کاروباری تعلقات اور عوامی سطح پر رابطوں کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

جینیات سے وابستہ تناؤ ہارٹ اٹیک کا خطرہ زیادہ بڑھا دیتا ہے

بوسٹن: حال ہی میں ہونے والے ایک مطالعے سے پتہ چلا ہے کہ جینیاتی طور پر …