مہوش حیات کا محبوب(یاسر پیر زادہ)

(میڈیا92نیوز آن لائن)
(بشکریہ جنگ لاہور)
مجھے علم نہیں تھا کہ مہوش حیات کا اور میرا محبوب ایک ہے، بھلا ہو ٹویٹر کا جس کے ذریعے مجھے یہ خبر ملی کہ مہوش حیات اپنے محبوب قائد پرویز مشرف کے لیے بہت پریشان ہیں، مس حیات نے مشرف صاحب کی ایک ویڈیو دیکھی جس میں وہ اسپتال کے بستر پر لیٹے نہایت ضعیف آواز میں یہ پیغام دے رہے ہیں کہ اُن پر بنایا جانے والا بغاوت کا مقدمہ بالکل بےبنیاد ہے۔وہ تو سچے محبِ وطن ہیں جنہوں نے ملک کے لیے جنگیں لڑی ہیں، اُنہیں بھلا بغاوت کا مجرم کیسے قرار دیا جا سکتا ہے، اور پھر انہوں نے یہ بھی شکایت کی انہیں انصاف نہیں مل رہا جو اُن کا قانونی حق ہے۔

یہ دلگدزا بیان سُن کر ہماری اسٹار اداکارہ سے رہا نہیں گیا اور انہوں نے چہکار (ٹویٹ) کی کہ سیاست کو ایک طرف رکھیں، یہ شخص کبھی ہمارا صدر تھا، مشکل وقت میں اِس نے قوم کی رہبری کی ہے، اسے بھی شنوائی کا حق حاصل ہے، قانون کے مطابق ہر شخص اُس وقت تک معصوم ہے جب تک عدالت اسے مجرم قرار نہ دے۔ تیری آواز مکے اور مدینے۔ میں نے بھی جب اپنے محبوب قائد کا یہ ویڈیو کلپ دیکھا تو مہوش حیات کی طرح میرا دل بھی تڑپ اٹھا اور ذہن میں وہ پوری فلم چلنے لگی جب میرا محبوب کمانڈو پہلی مرتبہ اکتوبر 1999ء میں قوم سے ہم کلام ہوا تھا، اللّٰہ اللّٰہ کیا گھن گرج تھی آواز میں، کیا طنطنہ تھا۔

اُس دن میں نے اپنے کمرے سے تمام فلمی ہیرو اور ہیروئنوں کے پوسٹر پھاڑ کر اپنے اِس محبوب قائد کی تصویر آویزاں کر لی تھی، اور کیوں نہ کرتا، مدتوں بعد بالآخر قوم کو خیر اندیش آمر ملا تھا۔میرے محبوب قائد کو یہ امتیاز حاصل ہے کہ آپ نے دو مرتبہ اِس ملک پر احسانِ عظیم کیا اور آئین کے نام پر بنی ایک فرسودہ کتاب سے ہماری جان چھڑوائی، پہلی مرتبہ 12اکتوبر 1999ء اور دوسری مرتبہ 3نومبر 2007ء کو۔

فرانس کا عظیم جنرل ڈیگال بھی یہ کام نہ کر سکا، صرف اِسی ایک کارنامے پر ہی میرے محبوب کا مجسمہ مادام تسائو کے عجائب گھر میں کھڑا کر دینا چاہئے مگر متعصب انگریزوں سے مجھے بھلے کی کوئی امید نہیں۔ ویسے تو میرے محبوب قائد کو کسی عہدے کا کبھی لالچ نہیں رہا مگر عوام کی بےپایاں محبت کے ہاتھوں مجبور ہو کر میرے کمانڈو محبوب نے 20جون 2001ء کو بادلِ نخواستہ اُس وقت کے آئینی صدر کو سبکدوش کرکے اپنے ہی بنائے ہوئے آئین یعنی پی سی او کے تحت حلف اٹھایا اور نا چاہتے ہوئے صدر بن گئے۔

صدر بننے کے بعد آپ راتوں کو اٹھ اٹھ کر روتے تھے کہ اتنی بھاری ذمہ داری بغیر عوامی مینڈیٹ کے کیسے نبھائیں گے، حواریوں نے بہت کہا کہ آپ کو کسی عوامی تائید کی ضرورت نہیں مگر میرا محبوب قائد دل سے جمہوریت پسند تھا ، وہ اِن باتوں میں نہیں آیا اور بالآخر اپریل 2002ء میں ریفرنڈم کروایا، دنیا نے دیکھا کہ کیسے عوام کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر میرے محبوب قائد کے جلسوں میں آیا۔

98فیصد لوگوں نے اپنے ہر دلعزیز قائد کے حق میں ووٹ دے کر مٹھی بھر شر پسندوں کے منہ بند کر دیے۔ سی سال صدام حسین نے بھی ریفرنڈم کروایا تھا جس میں سو فیصد لوگوں نے اس کے حق میں ووٹ دیے، دنیا اُس پر خوب ہنسی اور میرے محبوب قائد کی کشادہ دلی کی تعریفیں کی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …