معیشت مستحکم ہو چکی، اگلا ہدف نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی ہے: وزیراعظم

اسلام آباد(میڈیا92نیوزآن لائن) عمران خان کا کہنا ہے کہ ہماری معیشت مستحکم ہو چکی ہے اور اب ہمارا اگلا ہدف نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے لیے مواقع فراہم کرنا ہے۔

پاکستان اور چین کے درمیان معاہدوں پر دستخط کی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ جب حکومت سنبھالی تو معیشت کا برا حال تھا، گزشتہ 3 ماہ میں روپے کی قدر میں بہتری آئی ہے اور ہماری برآمدات بڑھ رہی ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا روپیہ مارکیٹ ٹریڈ کی سطح پر پہنچ چکا ہے، روپے کی قدر کو مستحکم کرنے لیے اپنی ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں، پاکستان کی معیشت مستحکم ہو چکی ہے اور اب یہ ملک آگے بڑھے گا۔

انہوں نے کہا کہ سب سے خوش آئند چیز یہ ہے کہ آئی ایم ایف، ورلڈ بینک اور ایشین بینک نے خود کہا ہے کہ پاکستان کی سمت درست ہے۔ ان کا کہنا تھا ہمارا اگلا ہدف نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی ہے جس کے لیے ہمیں غیر ملکی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ چین کے پاکستان کے ساتھ جس طرح کے تعلقات ابھی ہیں پہلے کبھی نہیں تھے، چین ہماری ہر طرح سے مدد کر رہا ہے اور ہماری بھی کوشش ہے کہ ہم سرمایہ کاری کے لیے چین کی مدد کریں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اب ٹائر مینوفیکچر ہوں گے جو پہلے اسمگل ہو کر آتے تھے، اس سے دو چیزیں ہوں گی، ایک تو ہمیں ٹائر درآمد نہیں کرنے پڑیں گے اور دوسرا ہماری برآمدت بڑھے گی جس سے ہمارا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم ہو گا اور مہنگائی کم ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم کرنے کے لیے درآمدات کم کر دی ہیں، جب چیزیں پاکستان میں بننا شروع ہو جائیں گی تو خسارہ کم ہو جائے گا۔ عمران خان نے کہا کوشش ہے کہ روزگار کے لیے سارے مواقع حکومت فراہم کرے ہم اس حوالے سے کام کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

جینیات سے وابستہ تناؤ ہارٹ اٹیک کا خطرہ زیادہ بڑھا دیتا ہے

بوسٹن: حال ہی میں ہونے والے ایک مطالعے سے پتہ چلا ہے کہ جینیاتی طور پر …