نوازشریف کو جو بیماری لاحق ہے وہ عموماً چھوٹے بچوں کو ہوتی ہے: ڈاکٹر شمسی

کراچی(میڈیا92نیوز آن لائن) سابق وزیراعظم نوازشریف کا علاج کرنیوالے ڈاکٹر شمسی کا کہنا ہےکہ نواز شریف کی بیماری کی تشخیص ہوگئی جس کا نام اکیوٹ آئی ٹی پی ہے اور یہ بیماری عموماً چھوٹے بچوں کی ہوتی ہے ۔جیونیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ: میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ آزادی مارچ کیلئے ن لیگ کا پروگرام جاری رہے گا، نواز شریف کے ملک میں یا بیرون ملک علاج کی بحث قبل از وقت ہے۔انہوں نےکہا کہ امید ہے حکومت منگل کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں بھی نواز شریف کی صحت سے متعلق اصل حقائق کے ساتھ عدالت کی مدد کرے گی، نواز شریف کا نام ای سی ایل میں ہے، انہیں علاج کیلئے فوری طور پر بیرون ملک جانے کی ضرورت پڑسکتی ہے،اسی تناظر میں شہباز شریف نے اپیل میں ملک اور بیرون ملک علاج دونوں آپشن رکھے ہیں۔

پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے نوازشریف کا علاج کرنے والے ڈاکٹر طاہر شمسی نے بتایا کہ نواز شریف کی بیماری کی تشخیص ہوگئی ہے جس کا نام اکیوٹ آئی ٹی پی ہے اور یہ عموماً چھوٹے بچوں کو ہوتی ہے لیکن بڑی عمر کے لوگوں کو بھی ہوجاتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو لاحق بیماری کی ریکوری دو قسم کی دواؤں سے ہوتی ہے، ایک اسٹیرائیڈز ہوتے ہیں جب کہ دوسرے آئی وی آئی جی کے نام سے انجکشنز ہوتے ہیں، یہ دوائیں ملنے کے بعد عمومی طور پر چار پانچ دن میں پلیٹ لیٹس کی ریکوری شروع ہوجاتی ہے۔پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر تجزیہ کار ارشاد بھٹی نے کہا کہ نواز شریف چوہدری شوگر ملز کیس میں جسمانی ریمانڈ میں ہیں لیکن انہیں ضمانت مل گئی، جسمانی ریمانڈ کے بعد عدالتی ریمانڈ ہوتا ہے اس کے بعد ضمانت ملتی ہے، عدالتیں بھی بڑی مہربان ہیں ریلیف پر ریلیف دے رہی ہیں۔

ارشاد بھٹی کا مزید کہنا تھا کہ پہلے عمران خان نے نواز شریف سے استعفیٰ مانگا اور اب مولانا فضل الرحمن جتھے لاکر وزیراعظم سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر رہے ہیں، یہ کوئی ملک ہے جہاں کوئی بھی جتھہ لاکر وزیراعظم سے استعفیٰ مانگنے لگ جاتا ہے، مولانا فضل الرحمن 15 لاکھ لوگ لاسکتے ہیں تو ان سے کشمیر آزاد کروالیں۔انہوں نے کہا کہ فضل الرحمن کا بیٹا اور پارٹی ارکان جس پارلیمنٹ میں بیٹھے ہیں اسے ہی جعلی کہہ رہے ہیں، یہ کیسا یزیدی نظام ہے جس میں فضل الرحمن صدر اور ان کا بیٹا ڈپٹی اسپیکر کا الیکشن لڑتا ہے، اپوزیشن کی رہبر کمیٹی میں یوسف رضا گیلانی بھی ہیں جو ترک خاتون اول کا ہار لے گئے تھے، اپوزیشن سے مذاکرات کرنے والے پرویز خٹک خیبرپختونخوا سے جتھے کے ساتھ اسلام آباد آئے تھے اب بھگتیں۔ارشاد بھٹی کا کہنا تھا کہ ہم سانحہ ماڈل ٹاؤن اور بلدیہ ٹاؤن فیکٹری کو رو رہے تھے کہ عمران خان کے دور میں سانحہ ساہیوال کے ملزم بری ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …