حملے سے 9 منٹ پہلے اطلاع ملی: وزیراعظم نیوز ی لینڈ

ولنگٹن،(میڈیا92نیوزآن لائن )نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈرا آرڈن نے اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کرائسٹ چرچ مساجد پر حملے سے کچھ دیرپہلے انٹیلی جنس ایجنسیوں کو نو منٹ پہلے اطلاع مل گئی تھی لیکن پولیس کے پہنچنے سے پہلے ہی حملہ آور مسجد پہنچ چکاتھا۔جیسنڈراآرڈن نے نیوز کانفرنس کے دوران کہا مسلم ممالک کی جانب سے اظہار یکجہتی کے پیغامات کو سراہتے ہیں ، لاپتہ افراد اور زخمیوں کی شناخت کا کام جاری ہے ۔ مستقبل میں کرائسٹ چرچ جیسے واقعات کی روک تھام کے لیے منصوبہ بندی کر رہے ہیں، مسجد پر حملہ کرنے والے کو قانون کے مطابق سزا ملے گی۔نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم نے مسجد النور کا دورہ کیا اور مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے مسجد میں پھول رکھے ۔ علاوہ ازیں کرائسٹ چرچ کی 2مساجد پر دہشت گرد حملے میں شہید پاکستانیوں کی تعداد 9 ہو گئی ہے ۔ ترجمان دفتر خارجہ نے مزید 3پاکستانیوں کی شہادت کی تصدیق کی دی ہے جن کے نام ذیشان رضا، ان کے والد غلام حسین اور والدہ کرم بی بی شامل ہیں۔ ترجمان نے ڈاکٹر فیصل نے کہا سفارتی مشن چار پاکستانیوں کی لاشوں کی پاکستان منتقلی کے حوالے سے بھی کام کر رہا ہے ۔ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے نیوزی لینڈ سے درخواست کی کہ وہ کرائسٹ چرچ میں متاثرہ پاکستانیوں کے اہلخانہ کی مدد کے لیے اپنا کردار ادا کرے ۔ علاوہ ازیں جاں بحق افراد کے ورثا اور زخمیوں کی مدد کے لیے اب تک43 لاکھ امریکی ڈالر جمع کرلیے گئے ۔ نیوزی لینڈ کونسل آف وکٹم سپورٹ گروپوں کے آفیشل پیج کے ذریعے اب تک 28 لاکھ ڈالر جمع ہوئے جبکہ دیگر فنڈنگ پیجز کے ذریعے 15 لاکھ ڈالر جمع ہوئے ۔عطیات جمع کرنے والوں کا کہنا تھا متاثرین مدد اور تعاون کے مستحق ہیں ، کوئی بھی رقم ان کے پیاروں کو واپس نہیں لاسکتی لیکن کسی نہ کسی طرح ان کی مشکلات کو کم کرسکتی ہے ۔ دوسری طرف حملے کے بعد نیوزی لینڈ میں مساجد کھول دی گئیں، حکام کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں تمام مساجد پر پولیس موجود رہے گی۔ پولیس کمشنر مائیک بش نے اتوار کو بتایا کہ ابتدائی چھان بین سے واضح ہوا کہ یہ ایک ہی حملہ آور کی کارروائی تھی تاہم دیگر امکانات کو رد نہیں کیا جا رہا۔

یہ بھی پڑھیں

پاکستان میں انتخابات میں مداخلت پر تشویش ہے تحقیقات کی جائیں، امریکا

واشنگٹن: امریکا نے پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات کے انعقاد اور لاکھوں شہریوں کی جانب …