لیڈی ہیلتھ ورکرز کا مال روڈ پر دھرنا جاری، سکول اساتذہ کا سول سیکرٹریٹ کے سامنے مظاہرہ

لاہور(میڈیا92نیوزآن لائن) لاہور چیئرنگ کراس پر مطالبات کے حق میں لیڈی ہیلتھ ورکر ز کااحتجاج تیسرے روز بھی جاری رہا،دھرنے میں موجود ایک اورلیڈی ہیلتھ ورکر بے ہوش ہوگئی۔ جس کو طبی امداد کے لئے ہسپتال پہنچا دیا گیا،گزشتہ رات تیز ہواؤں اور بوندا باندی سے مظاہرین کا کیمپ گرگیا تھا مگر مظاہرین پھر بھی وہاں موجود رہیں۔ 3 روز سے مال روڈ چیئرنگ کراس ٹریفک کے لیے بند ہے ، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ڈی جی ہیلتھ سے مذاکرات کے کرلیے گئے مگر نوٹیفکیشن جاری نہ ہوا۔ لیڈی ہیلتھ ورکرز نے مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے اور کہتی ہیں کہ سازوسامان ساتھ لائے ہیں جب تک بیٹھنا پڑا بیٹھیں گے ،دریں اثنا ئپیپلز پارٹی کی رہنماء ثمینہ گھرکی نے دھرنے میں اظہار یکجہتی کے لیے شرکت کی اور کہا کہ ہماری پارٹی ان کے ساتھ ہے ۔ادھر یو نائٹڈ ٹیچرز کونسل پنجاب اساتذہ اتحادنے سول سیکرٹریٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا ، پنجاب بھر سے سینکڑوں اساتذہ نے شرکت کی۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے اساتذہ قائدین نے کہا کہ وزیرتعلیم اور سکول ایجوکیشن پنجاب کی بیوروکریسی اساتذہ کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نہیں،مسائل کے حل کے وعدے اور پھر ان سے انحراف سکول ایجوکیشن پنجاب کی بیوروکریسی کا وطیرہ بن چکا ہے ۔ پرامن احتجاج ہمارا آئینی ، جمہوری اور قانونی استحقاق ہے انتظامیہ اساتذہ کو ڈرانہیں سکتی ۔ سکولوں میں اساتذہ کو چھٹی کے بعد روکنا غیر قانونی ہے اس طرح کے ہتھکنڈے پہلے بھی ناکام ہوئے اور اب بھی ہوں گے ۔ یو نائٹڈ ٹیچرز کونسل پنجاب میں شامل تمام اساتذہ تنظیمیں آج کی سی ای او کانٖفرنس کا بائیکاٹ کریں گی اور کل وزیراعلی پنجاب کی سرکاری سکولوں میں داخلہ مہم کے افتتاح کے موقع پر بھی بھرپور احتجاجی مظاہرے کیا جا ئے گا ۔ اساتذہ کے جائز مطالبات تسلیم نہ کئے گے تو اساتذہ 28 مارچ تا 30مارچ تک سول سیکرٹریٹ لاہور کے سامنے دھرنا دیں گے اور پھر بھی مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو یکم اپریل سے طلبا سمیت سڑکوں پر ہوں گے اور مکمل تعلیمی بائیکاٹ کیا جائے گا،ان کا کہنا تھا کہ موجودہ دور حکومت کے سات ماہ میں اساتذہ کی پروموشنز اور دیگر مسائل پر رتی بھر کام نہیں ہوا ۔ پروموشنز کی موجودہ صورت حال تاریخ کی بدترین شکل ہے جس کی وجہ سے حکومت کی کارکردگی پر بھی سوالیہ نشان ہے ۔

یہ بھی پڑھیں

بحیرہ روم کی غذا دماغ کو تیز رکھنے میں مددگار قرار

شکاگو: ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ بحیرہ روم (میڈیٹیرین) کی غذا بڑھاپے میں ڈیمینشیا کی …