بزنس ویزہ ممالک کی تعداد 48سے بڑھاکر96

اسلام آباد (میڈیا92نیوزآن لائن) وفاقی حکومت نے سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اہم قدم اٹھالیا۔بزنس ویزاممالک کی تعداد48سے بڑھا کر 96کردی گئی۔ذرائع وزارت داخلہ کے مطابق 175 ممالک کو آن لائن ویزا کی سہولت دی جائے گی۔ناپسندیدہ ممالک کی فہرست میں بھی کمی کردی گئی،صرف بھارت اورصومالیہ رہ گئے ۔وزیر اعظم آفس کے مطابق نادرا کی جانب سے ایک آن لائن پورٹل http//visa۔nadra۔gov۔pkبھی تیار کیا گیا ہے جس کے تحت پاکستان میں کاروبار، سیروسیاحت، تعلیم یا کام کی غرض سے آنے والے حضرات کو پراسیس کے بعد ویزا جاری کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں درخواست گزاروں کو ویب سائٹ پر جاکر آن لائن درخواست دینا ہوگی جس کیساتھ متعلقہ دستاویزات یعنی پاسپورٹ اور تصاویر وغیرہ اپ لوڈ کرنے کے علاوہ ویزا فیس کی ادائیگی بھی کرنا ہوگی ۔اس مرحلے کے بعد کامیاب درخواست گزاروں کو بذریعہ ای میل،ایس ایم ایس ویزا گرانٹ نوٹس ارسال کیا جائے گا جس کی داخلے کے وقت دوبارہ تصدیق کی جائے گی۔سکیورٹی پروٹوکول کو برقرار رکھنے کیلئے آن لائن ویزا سسٹم کو موجودہ بارڈر مینجمنٹ سسٹم کیساتھ منسلک کیاگیا ہے تاکہ متعلقہ شخص کی پاکستان سے یا پھر پاکستان میں داخلے ،اخراج کو مانیٹر کیا جاسکے ۔ آن لائن ویزا سسٹم کے تحت ویزا کی مختلف کیٹیگریز میں (a) سیاحت، (b) بزنس، (c) کام، (d) صحافی، (e) سرکاری/سفارتی، (f) فیملی وزٹ (g) دیگر (سماجی ثقافتی، کانفرنسز، سیمینارز وغیرہ) کی اقسام شامل ہیں۔ اس کے علاوہ دیگر کیٹگریز جیسا کہ ’’تبلیغ‘‘ جماعت، INGO، طلبا اور ڈومیسٹک ایڈویزا پر بھی آن لائن ویزا سسٹم کا اطلاق ہو گا تاہم اس نوعیت کے ویزا کیلئے درخواستوں کی منظوری کا دارومدار وزارت داخلہ کی ایما پر ہو گا۔ سردست 96ممالک کیلئے ورک ویزا پالیسی کے مرحلے کو آسان بنایاگیاہے ۔ درخواست گزار بورڈ آف انویسٹمنٹ کی جانب سے لیٹر جاری ہونے کے 7سے 10دنوں کے اندر ویزا حاصل کرسکیں گے ۔ڈپلومیٹک اور سٹوڈنٹ ویزا کی مدت میں بھی توسیع کردی گئی ہے جبکہ مذہبی مقاصد کیلئے ویزا 45دنوں کیلئے کارآمد رہے گا۔جرنلسٹ ویزا کے پراسیس میں بھی تبدیلی کی گئی ہے اور صحافیوں کیلئے تین شہروں تک آمدورفت محدود رکھنے کی پابندی بھی اٹھالی گئی ہے ۔ غیرملکی سیاحوں کو اوپن کنٹونمنٹس ایریا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں جانے کیلئے این او سی کی ضرورت نہیں ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں

اسلام آباد ہائیکورٹ نے نگران حکومت کو ایف بی آر کی ری اسٹرکچرنگ سے روک دیا

اسلام آباد ہائیکورٹ نے نگران حکومت کو ایف بی آر کی تنظیم نو سے روکتے …