16 ٹینکوں سے ’دل‘ بنا کر، روسی فوجی کا محبوبہ کو شادی کا پیغام

ماسکو(میڈیا 92نیوز آن لائن)ایک روسی فوجی نے منفرد انداز میں اپنی محبوبہ کو شادی کا پیغام دیا ہے: وہ شادی کی پیشکش کےلیے روسی فوج کے 16 ٹینک لے آیا۔

روسی وزارتِ دفاع کے ٹی وی چینل نے چند روز پہلے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کرائی ہے جس میں 16 عدد ٹی 72 بی تھری ٹینکوں کو ہلکی ہلکی برفباری میں دل جیسی ترتیب بناتے دکھایا گیا ہے۔ جبکہ ایک فوجی ان ہی ٹینکوں کے درمیان اپنی محبوبہ کو گلدستہ پیش کرتے ہوئے شادی کا پیغام دے رہا ہے۔

ضرورپڑھیں:شتروگھن سنہا لاہور میں کیا کررہے ہیں؟

یہ واقعہ روسی فوج کے لیفٹیننٹ ڈینس کازنتسیف کا ہے جن کا معاشقہ الیکساندرا کوپیتوفا کے ساتھ ایک لمبے عرصے سے جاری تھا۔ انہوں نے اس سال ویلنٹائنز ڈے پر اپنی محبوبہ کو ایک منفرد انداز سے شادی کا پیغام دینے کا فیصلہ کیا جس کےلیے انہوں نے اعلی حکام سے خصوصی اجازت بھی حاصل کی، جو بہت آسانی سے دے دی گئی۔

البتہ اسی کے ساتھ روسی فوج نے یہ سارا منظر فلمانے کا فیصلہ بھی کیا، جس پر ڈینس کو کوئی اعتراض نہیں تھا۔

محبوبہ کو شادی کی پیشکش کرنے کےلیے ڈینس نے الیکساندرا سے کہا کہ وہ اپنی آنکھوں پر ہتھیلیاں رکھ کر انہیں بند کرلے۔ اسی دوران 16 ٹینکوں نے دل جیسی فارمیشن بنانا شروع کردی جو اگلے چند منٹوں میں مکمل ہوگئی۔ اس کے بعد ڈینس اپنی محبوبہ کا ہاتھ پکڑ کر اسے ٹینکوں کے درمیان والی خالی جگہ پر لے گئے اور آنکھیں کھولنے کےلیے کہا۔

ضرورپڑھیں:کورونا وائرس ،پاکستانی والدین کا سرکاری بریفنگ لینے سے انکار

پھر انہوں نے الیکساندرا کو گلدستہ دیا اور گھٹنوں کے بل جھک کر کہا: ’’ہم ایک زمانے سے ساتھ ہیں۔ ہم نے وقت اور فاصلوں کی آزمائشوں کا سامنا کیا ہے… مجھ سے شادی کرلو!‘‘

محبوبہ حیرت سے گنگ رہ گئی اور ڈینس نے آگے بڑھ کر اسے انگوٹھی پہنائی؛ اور گود میں اٹھا لیا۔ الیکساندرا کا کہنا ہے کہ وہ سمجھ ہی نہیں سکی کہ آخر یہ ہو کیا رہا ہے، لیکن جب معلوم ہوا تو وہ انکار کیے بغیر نہ رہ سکی۔

یہ بھی پڑھیں

پاکستان میں انتخابات 2024 کے نتائج میں تاخیر، صارفین نے میمز بنا ڈالیں

پاکستان میں عام انتخابات 2024 کے نتائج کے طویل انتظار نے جہاں قومی اور عالمی …