تعلیم کی سہولیات وزیر اعظم کی اولین ترجیح ہے،قاسم خان سوری

لاہور (میڈیا92نیوز) قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا تعلیم کے حوالے سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔ سابق حکومتوں نے ان شعبوں میں کوئی توجہ نہیں دی۔ جس کی وجہ سے مسائل بڑھتے جا رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال ٹرسٹ کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو میں کیا۔وفد میں ہسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر شوکت ورک اور اقبال حسین لکھویرا شامل تھے۔ قاسم خان سوری نے کہا کہ ایٹمی سائنسدان ڈاکٹرعبدالقدیر خان کی ملک کے لئے خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ انہوں نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے میں مرکزی کردار ادا کیا۔ حکومت ڈاکٹرعبدالقدیر خان کے نام سے منسوب ہسپتال کی تعمیر میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال شوکت ورک نے کہا کہ لوگوں کو تعلیم کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے حکومت کے ساتھ فلاحی اداروں کو آگے بڑھنا ہوگا۔انہوں نے ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال کے منصوبے پر بھی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ہسپتال کا آؤٹ ڈور دو شفٹوں میں کام کر رہا ہے۔ جس میں اب تک ساڑھے 3لاکھ مریضوں کو علاج معالجے کی مفت سہولیات فراہم کی جا چکی ہیں۔ ہسپتال کی مین بلڈنگ کی تعمیر جاری ہے۔ جسے جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ شوکت ورک نے ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کو ہسپتال کے دورے کی دعوت بھی دی۔ جو انہوں نے قبول کرلی اور جلد ہی ہسپتال کا دورہ کرنے کا اعلان کیا۔

یہ بھی پڑھیں

وزرائے تعلیم کا اجلاس، گرمیوں کی چھٹیاں محدود، کسی طالب علم کو بنا امتحان پرموٹ نہ کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (میڈیا 92 نیوز آن لائن) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیرصدارت ہونے …