مفتاح اسمٰعیل کی سندھ ہائی کورٹ سےحفاظتی ضمانت منظور

کراچی (میڈیا 92 نیوز آن لائن ) سندھ ہائی کورٹ نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرلی۔

رہنما مسلم لیگ (ن) نے ایل این جی کیس میں نیب کی گرفتاری سے بچنے کے لیے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔انہوں نے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست عدالت میں جمع کروائی تھی جہاں قومی احتساب بیورو (نیب) ٹیم بھی انہیں گرفتار کرنےپہنچ گئی تھی۔

خیال رہے کہ نیب نے گزشتہ روز مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کیس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو گرفتار کرلیا تھا۔
جس کے بعد چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے مفتاح اسمٰعیل کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کردیے تھے۔

وارنٹ جاری ہونے کے بعد نیب ٹیم نے ان کی گرفتاری کے لیے کراچی میں موجود ان کی رہائش گاہ اور دفتر پر چھاپے بھی مارے تھے۔

نیب ٹیم نے مفتاح اسمٰعیل کے گھر کی تلاشی لی، تاہم انہیں لیگی رہنما نہیں ملے تھے جس پر نیب ٹیم مفتاح اسمٰعیل کو گرفتار کیے بغیر ہی روانہ ہوگئی تھی۔

بعد ازاں نیب ٹیم کی جانب سے مفتاح اسمٰعیل کو گرفتار کرنے کے لیے اسمٰعیل انڈسٹری کے دفاتر پر بھی چھاپے مارے گئے لیکن وہاں بھی اسے کامیابی نہیں ملی۔

نیب کے چھاپوں کی ضرورت نہیں تھی، مفتاح اسمٰعیل
سندھ ہائی کورٹ میں درخواست ضمانت جمع کروانے کے لیے موجود مفتاح اسمٰعیل نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو بھی کی جس میں انہوں نے کہا کہ مجھے طلبی کا نوٹس گزشتہ روز 3 بجے کے بعد ملا تھا۔انکا کہنا تھا کہ مجھے نیب نے جب بھی طلب کیا میں پیش ہوا ہوں اس لیے نیب کو چھاپہ مارنے کی کوئی ضرورت نہیں تھی۔

شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری پر تبصرہ کرتے ہوئے مفتاح اسمٰعیل نے کہا کہ ’شاہد خاقان عباسی جیسا مخلص انسان کبھی پاکستان کو نہیں ملا، ان کی گرفتاری غیر قانونی ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …