نواز، شہباز، زرداری کی سکیورٹی پر 16 ارب لگے : حکومت

اسلام آباد(میڈیا92نیوز آن لائن)
وفاقی کابینہ نے 14 اگست سے وفاقی دارالحکومت میں پلاسٹک شاپنگ بیگ کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، 14 اگست کے بعد پلاسٹک شاپنگ بیگ بنانے اور استعمال کرنے والے پر 50 ہزار سے 50 لاکھ روپے جرمانہ کیا جائے گا، اگست میں شجر کاری مہم کے دوران 14 کروڑ پودے لگائے جائیں گے ،
نواز شریف نے 431، آصف زرداری نے 316 کروڑ ، ممنون حسین کی سکیورٹی پر30کروڑ 32لاکھ ، شہباز شریف نے 872 کروڑ سے زائد کی رقم خرچ کی،شہباز شریف نے بچوں، داماد اور بیگموں کے نام پر سکیورٹی سکواڈ بنائے ، کابینہ نے درآمدی خوردنی تیل پر ٹیکس 7فیصد سے کم کرکے 2فیصد کردیا،
تاجروں کے جائز مسائل حل کریں گے مگرٹیکس رجسٹریشن پر سمجھوتہ نہیں کریں گے ۔ان خیالات کا اظہار وفاقی کابینہ اجلاس کے بعدمعاون خصوصی اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان ، مشیر مو سمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم اور وزیر مو اصلات مراد سعید نے منگل کو میڈیا بریفنگ کے دوران کیا۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا قرضوں میں ڈوبی ہوئی عوام کے ساتھ سابقہ ادوار میں جو نا انصافی ہوئی اور مغلیہ خاندان نے ٹیکس جس شاہانہ انداز میں خرچ کیا،
اس کے بارے میں کابینہ کو بتایا گیا،میڈیا کے بغیر نہ کرپشن اور نہ ہی کلین گرین پاکستان مہم کامیاب ہوسکتی ہے ، 14 اگست کو ہم جسمانی طورپر آزاد ہوئے تھے اور معاشی طورپر آزادی کیلئے ہمیں مل کر کام کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا ریکوڈک کیس کا عالمی عدالت میں ہمارے خلاف فیصلہ آنے کے بعد اس کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور وزیر قانون فروغ نسیم کی سربراہی میں ایک اعلی سطح کی کمیٹی قائم کردی گئی ہے ، کمیٹی فیصلے کی وجوہات، ذمہ داروں کا تعین اور کیس کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کرے گی، ڈیلی میل میں آنے والی سٹوری کے بارے میں بھی کابینہ میں بات ہوئی،
فیصلہ کیا گیا کہ کابینہ کے ہر اجلاس میں سابقہ حکمرانوں نے جہاں جہاں دورے کئے ، اس کی تفصیلات بتائی جائیں گی اور اس کومیڈیا کے سامنے لایا جائے گا۔انہوں نے کہا ای کامرس پالیسی فریم ورک کی منظوری دی گئی جس جس وزارت میں ایڈیشنل چارج پر لوگ کام کررہے ہیں، اس کے بارے میں فیصلہ کیا گیا کہ 3 ماہ کے اندر خالی اسامیوں کو پر کیا جائے گا ،میرٹ کی بنیادپر تعیناتی کی جائے گی، توصیف ایچ نائیک کو چیئرمین نیپرا لگانے کی منظوری دی گئی، وزیراعظم سستا گھر پروگرام کیلئے زمین کے ریکارڈ میں ابہام کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے جس پر صوبوں کے ساتھ مل کر لینڈ ریونیو ریکارڈ کو ٹھیک کیاجائے گا ، چیئرمین سی ڈی اے عامر علی کی مدت میں 3 ماہ کی توسیع کردی گئی ،
وزیراعظم نے آٹا، گھی کی قیمتوں میں اضافے کانوٹس لیتے ہوئے صوبوں سے اس حوالے سے معلومات لینے کی ہدایت کی ہے ، مصنوعی بحران پیدا کرنے والوں پر سخت نظر رکھی جائے گی، وزیر توانائی عمر ایوب نے کابینہ کو بتایا کہ گیس کے سلیب میں کوئی ردوبدل نہیں کیا گیا مگر اس کے باوجود تندور والوں نے روٹی کی قیمتوں میں اضافہ کیا۔ معاون خصوصی اطلاعات نے کہا تاجروں کے جائز مطالبات حل کریں گے مگر ٹیکس رجسٹریشن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، ان کو ہرصورت اپنے آ پکو رجسٹر کرنا ہوگا۔ وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا پچھلے 10 سال کے بیرونی دوروں کی تفصیلات کابینہ میں پیش کی گئی ، سابقہ حکمرانوں نے سکیورٹی ، کیمپ آفسز کے نام پر ٹیکس کا پیسہ اپنی عیاشیوں کیلئے استعمال کیا،پیپلزپارٹی کے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے 5 کیمپ آفسز رکھے تھے ،3لاہور، 2 ملتان میں تھے ، آصف زرداری قوم پر بہت بھاری پڑے ،ان کا لاڑکانہ، رتو ڈیرو میں کیمپ آفس تھا ، ان کی سکیورٹی پر 316 کروڑ 41لاکھ سے زائد خرچ ہوئے ، یہ اعدادو شمار 2013سے 2018 کے درمیان کے ہیں، جب وہ صدر نہیں تھے ، 2016 میں ان کے پاس 246 سرکاری گاڑیاں تھیں، 2017 میں 164 اور 2019 میں 158 گاڑیاں ان کے زیر استعمال تھیں جبکہ ان کی سکیورٹی پر 656 اہلکار تعینات تھے ۔ انہو ں نے کہا عمران خان امریکہ کے دورے کے دوران پاکستانی سفارتخانے میں قیام کریں گے ، نواز شریف نے امریکہ کے دورے کے دوران 4لاکھ 60ہزار ڈالر خرچ کئے ، 2016 میں اپنے علاج پر 3لاکھ 27ہزار پائونڈ خرچ کئے ، نااہل ہوئے تو وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے رائیونڈ کو کیمپ آفس قرار دیدیا جس پر 24 کروڑ 50 لاکھ روپے صرف باڑ لگانے پر خرچ ہوئے ، 6 کروڑ 67 لاکھ سے زائد رائیونڈ کیمپ آفس کی سکیورٹی کیلئے کیمرے خریدنے پر خرچ کئے گئے ،مجموعی طور پر431 کروڑ44لاکھ روپے نواز شریف کی سکیورٹی پر لگائے گئے جبکہ دوسری طرف عمران خان اپنے گھر کی طرف آنے والی سڑک اور اس کے گرد باڑ لگانی ہوتو خود لگاتا ہے ، عمران خان کا کوئی کیمپ آفس نہیں ، وہ اپنا خرچ خود اٹھاتے ہیں، شہباز شریف نے 872 کروڑ سے زائد کی رقم اپنی سکیورٹی پر خرچ کی ، بچوں، داماد اور بیگموں کے نام پر سکیورٹی سکواڈ بنائے ،5 کیمپ آفس تھے ، چھوٹے میاں نے بڑے میاں کا خرچ اٹھایا، غیر قانونی طورپر وزیراعظم کا جہاز 556 مرتبہ استعمال کیا جس پر41 کروڑ اخراجات ہوئے ،سابق صدر ممنون حسین کی سکیورٹی پر30کروڑ 32لاکھ کے اخراجات ہوئے ۔انہوں نے کہا وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی سکیورٹی سابق وزیراعلیٰ کی سکیورٹی کے مقابلے میں 85.6 فیصد کم ہے ،60 فیصد سفری الاونس میں کمی کی ہے اور ان کا کوئی کیمپ آفس نہیں ہے ۔ مشیر مو سمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہمارا ویژن نیا پاکستان کا ہے اور اس کیلئے ہمیں پائیدار ترقی چاہئے ، کلین گرین پاکستان کیلئے شجرکاری مہم جلد شروع کریں گے ، پورے پاکستان میں 14کروڑ پودے لگائے جائیں گے ، پلاسٹک بیگ کا استعمال عذاب بن چکا ہے ، نالیوں کی بندش، سیلابوں کی وجہ یہی ہے ، کابینہ میں پلاسٹک بیگ پر مکمل پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، 14 اگست کے بعد اسلام آباد میں پلاسٹک کے بیگ کے استعمال پر مکمل پابندی ہوگی، پہلی حکومتوں نے بھی پلاسٹک پر پابندی لگائی مگر اس پر عمل نہ کرسکیں،14 اگست کے بعد پلاسٹک کے شاپر بنانے پر بھاری جرمانہ عائد کیاجائے گا، بنانے والے پر 50 ہزار سے 5لاکھ تک ،فروخت کرنے والے پر 10 ہزار سے 50ہزار روپے جرمانہ کیا جائے گا،1990 میں پاکستان میں ایک کروڑ بیگ استعمال ہوتے تھے ، آج ہم سالانہ 55 ارب پلاسٹک بیگ استعمال کررہے ہیں۔فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ قوم اب ہم سے رزلٹ چاہتی ہے اور کرپشن کی ریکوری کے حوالے سے ہم پر دبائو ہے ، وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ریکوری کا عمل تیز کیا جائے ، جب ریکوری شروع ہوجائے گی تو اس کے بارے میں بھی عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔ مراد سعید نے کہا صرف این ایچ اے سے 700کروڑ سے زائد کی ریکوری ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں

پاکستان کے کم عمر ترین تن ساز، مسٹر پاکستان کا اعزاز،B-LEGEND جم کے 25 سالہ احسن سہیل نے اپنے نام کرلیا، دیکھئے رپورٹ

پاکستان کے کم عمر ترین تن ساز ، مسٹر پاکستان کا اعزاز ، B-LEGEND جم …