شہباز شریف قانونی کارروائی کریں ہم مقابلہ کرینگے، برطانوی رپورٹر

اسلام آباد (میڈیا92نیوز آن لائن)شریف خاندان کی کرپشن کے حوالے سے خبر دینےوالے برطانوی صحافی ڈیوڈ روز نےکہا ہے کہ برطانوی اخبار ڈیلی میل میں شایع شدہ ان کی خبر سے متعلق مریم اورنگزیب کا دعویٰ مضحکہ خیز ہے،جسے قانونی کارروائی کرنی ہے وہ کرے ہم مقابلہ کرینگے، خبر سے متعلق تمام ثبوت موجود ہیں،

ڈی آئی ایف ڈی نے میری باتوں کی تردید نہیں کی، انہوں نے وہی باتیں دہرائیں جو بہ طور ثبوت میں نے پیش کیں،ن لیگ کی جانب سے میری جو تصویر پیش کی گئی ہے وہ گزشتہ سال الیکشن سے قبل عمران خان سے انٹرویو کی ہے، اس سے متعلق مسلم لیگ ن کا دعویٰ جھوٹا ہے، مریم اورنگ زیب کو متعدد کالز اور میسیجز کیے لیکن انہوں نے جواب سے گریز کیا، اس سے پہلے کی خبر پر بھی ن لیگ نے دعوے کے باوجود کوئی کیس نہیں کیاتھا، نواز شریف نے پراپرٹی کی خبر پر لیگل نوٹس تو دور کی بات ای میل تک نہ کی ۔

تفصیلات کے مطابق شہباز شریف سے متعلق ڈیلی میل کی ایک خبر میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ انہوں نے زلزلہ متاثرین کے لیے ملنے والی امداد میں لاکھوں پاؤنڈز کی خورد برد کی جس کی ن لیگ کی جانب سے تردید کی گئی ہے ، اس سلسلے میں برطانوی صحافی ڈیوڈ روز نے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے کہا کہ ڈی ایف آئی ڈی کی تردید ویسی نہیں جیسی پیش کی جا رہی ہے، یہ صرف خبر میں موجود اس بیان کا دہرانا ہے، ان کا بیان ہے کہ زلزلہ فنڈ سے متعلق کوئی ثبوت نہیں ، ان سے کہتا ہوں خبر پڑھیں اس میں ثبوت ہے، یہ خبر ضایع شدہ پیسے کی نشان دہی کرتی ہے،

صحافی ڈیوڈ روز نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پرجاری بیان میں کہاہے کہ ’’پاکستان مسلم لیگ ن اوران کے ٹرولزعمران خان کے ساتھ میری ایک تصویرپوسٹ کرکے دعویٰ کررہے ہیں کہ میرا شہبازشریف سے متعلق آرٹیکل پلانٹڈ ہے،یہ تصویر گزشتہ سال الیکشن سے قبل کی ہے جب میں ان کا انٹرویو کررہاتھا‘‘ ،انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں ثبوت کے طورپر 21 جولائی 2018 ء کو اسی اخبارمیں شائع خبر کا لنک بھی دیا۔ انہوں نے پی ایم ایل ن کے ٹرولز پر طنز کرتے ہوئے پر اپنے فالوورز سے کہاہے کہ کیا پی ایم ایل ن کے کسی ٹرول نے ابھی تک یہ دعویٰ تو نہیں کیا کہ اس خبر میں بھارت کا ہاتھ ہے۔

پی ٹی وی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے ڈیوڈ روز نے کہاکہ شہباز شریف کی منی لانڈرنگ کے بارے میں اپنی سٹوری پر قائم ہوں، بینک ٹرانزکشن اور دیگر دستاویزات بھی ہیں، کرپشن کے بارے میں میرے پاس ٹھوس ثبوت ہیں ، اگر شہباز شریف قانونی چارہ جوئی کریں تو میں دفاع کروں گا،میں نے اس خبر کی تحقیق پر کافی وقت لگایا ہے، میرے پاس مصدقہ ریکارڈ کی دستاویزات ہیں، بینک ٹرانزکشن اور دیگر دستاویزات بھی ہیں ،

میں نے اس خبر کیلئے کافی لوگوں کے انٹرویوز کیے ہیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں ڈیوڈ روز نے کہاہےکہ اگر 2008 اور اس رقم کے حوالےسے آپ گوگل کرینگے تو آپ کو بہت آسانی سے رپورٹس مل جائینگی جس میں نشاندہی کی جارہی ہے کہ پیسہ صحیح طریقے سے استعمال نہیں ہورہا اور اس سلسلے میں کچھ شواہد اس وقت پاکستان کی عدالت میںبھی پیش کیے جاچکے ہیں جب ’’ایرا‘‘ کے سابق ڈائریکٹر فنانس گزشتہ سال ایرا سے پیسے چوری میں قصوروار پائے گئے تھے، جیسا کہ سب کو معلوم ہےکہ برطانیہ ایرا کو سب سے زیادہ فنڈ کرنے والا ملک ہے لہٰذابہت سے سوالات ہیں جن کا جواب ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …