عابد شیرعلی تو یہ دعویٰ بھی کرسکتے ہیں کہ بکنگھم پیلس میرا ہے، فیصل واوڈا

کراچی(نیٹ نیوز) وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا، لندن میں جائیداد کا الزام لگانے والے لیگی رہنما اور سابق وزیر مملکت عابد شیر علی پر برس پڑے اور ان کا ذہنی توازن خراب قرار دے دیا۔

واضح رہے کہ حال ہی میں عابد شیر علی کی لندن میں بنائی گئی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی، جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ فیصل واوڈا کی مبینہ پراپرٹی کے سامنے کھڑے ہیں۔

اپنے ویڈیو بیان میں عابد شیر علی نے کہا تھا کہ لندن کی مہنگی ترین اسٹریٹ میں فیصل واوڈا کی جائیداد موجود ہے، جو انہوں نے کراچی میں چائنا کٹنگ اور بھتے کے پیسوں سے بنائی ہے اور جس کی مالیت 40 لاکھ پاؤنڈ ہے۔

عابد شیر علی نے فیصل واوڈا کی مبینہ جائیداد پر چیئرمین نیب سے نوٹس لینے کا بھی مطالبہ کیا تھا۔

آج فیصل واوڈا سے عابد شیر علی کی مذکورہ ویڈیو سے متعلق سوال کیا گیا، جس پر وفاقی وزیر برہم ہوگئے اور انہوں نے لیگی رہنما پر تابڑ توڑ حملے کرتے ہوئے کہا کہ ‘وہ سستی شہرت کے لیے ایسے بیانات دے رہے ہیں، ان کا ذہنی توازن درست نہیں ہے’۔

فیصل واوڈا نے عابد شیر علی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ‘وہ تو نشے میں کسی بھی عمارت کے سامنے کھڑا ہو جاتے ہیں۔ وہ بکنگھم پیلس کے سامنے کھڑے ہوکر بھی دعویٰ کرسکتےہیں کہ یہ میرا ہے’۔

ساتھ ہی انہوں نے چیلنج کیا کہ ‘دعوے نہ کریں، ثبوت لائیں’۔

وفاقی وزیر فیصل واوڈا کا مزید کہنا تھا کہ ‘وہ عابد شیر جیسے لوگوں کا علاج نہ صرف جانتے ہیں بلکہ کر کے بھی دکھائیں گے’۔

‘کراچی میں پی ٹی آئی کو ووٹ دینے والے طبقے کی جائیدادیں گرائی گئی’

میڈیا سے گفتگو کے دوران کراچی میں انسداد تجاوزات مہم پر ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف سپریم کورٹ کا حکم واضح ہے اور عدالت عظمیٰ کے احکامات کا احترام ہر پاکستانی، حکومت، سیاسی جماعت اور سیاستدانوں کو کرنا چاہیے۔

تاہم وفاقی وزیر نے الزام عائد کیا کہ ‘انسداد تجاوزات مہم کی آڑ میں قانونی چیزیں گرائی جا رہی ہیں اور پیسوں کی لین دین ہورہی ہے، لیکن ہم یہ بدمعاشی اور ڈرامہ بازی نہیں چلنے دیں گے’۔

فیصل واوڈا نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ ‘پی ٹی آئی کو ووٹ دینے والے خاص طبقے کی جائیدادیں گرائی گئیں اور اس طرح نئے پاکستان کو ووٹ دینے کی سزا دی گئی ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ جس طرف کراچی کے ٹھیکیدار اور مائی باپ بنے ہوئے تھے، وہاں اب تک کوئی چیز نہیں گری۔

فیصل واوڈا نے دھمکی دی کہ ایسا نہ ہو کہ ‘مجھے پھر بلڈوزر کرائے پر لینے پڑیں اور میں وہاں بلڈوزر لے کر چلا جاؤں تو تکلیف ہو کہ میں جیمز بانڈ اور سپر مین بن گیا ہوں’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘تجاوزات کے خلاف حقائق پر مبنی قانونی اقدامات کریں، غریبوں پر ظلم نہ کریں’۔

ساتھ ہی انہوں نے تجویز پیش کی سندھ حکومت کے ساتھ پہلے پلان بنائیے اور متاثرین کی مدد کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ‘ہم سے سوال کیا جاتا ہے کہ ہم کراچی میں کیوں ڈیلیور نہیں کر رہے؟ کراچی میں ہماری حکومت نہیں لیکن جتنا کرسکتے ہیں کریں گے’۔

فیصل واوڈا کے مطابق ‘ہمیں کراچی میں لوگوں نے ووٹ دیا ہے، اس کا احترام کریں گے اور کام کریں گے’۔

ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا کہ ‘اٹھارویں ترمیم کے بعد تجاوزات کی مہم اور ترقی کا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں، وفاق 18ویں ترمیم کی روشنی میں جو کچھ کرسکتا ہے کرے گا’۔

‘ڈرامے کرنے والی بات وزیراعظم نے مثبت پیرائے میں کہی’

فیصل واوڈا نے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں ان کی کارکردگی کا ذکر مثبت پیرائے میں آیا اور چیئرمین نے بہت اچھے نوٹ میں ان کے کام کی تعریف کی۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے میری انتخابی مہم کی تعریف میں کہا کہ ‘اسے ڈرامے کرنے آگئے ہیں، یہ بات انہوں نے مثبت پیرائے میں کہی تھی’۔

فیصل واوڈا کے مطابق ‘میرا چیئرمین، میرا لیڈر اور وزیراعظم غصے میں بھی کوئی بات کرے گا تو سرآنکھوں پر، غصے اور ناراضی کے اظہار پر بھی ویسے ہی تابعدار رہوں گا جیسے شاباشی پر رہتا ہوں’۔

یہ بھی پڑھیں

پاکستان کے کم عمر ترین تن ساز، مسٹر پاکستان کا اعزاز،B-LEGEND جم کے 25 سالہ احسن سہیل نے اپنے نام کرلیا، دیکھئے رپورٹ

پاکستان کے کم عمر ترین تن ساز ، مسٹر پاکستان کا اعزاز ، B-LEGEND جم …