پاکستان کیخلاف سیریز کیلئے پاکستان پہنچنے والے سری لنکن کرکٹرز نے کراچی میں ڈیرہ ڈال دیا

لاہور(میڈیا92نیوز آن لائن) پاکستان کیخلاف سیریز کیلئے پاکستان پہنچنے والے سری لنکن کرکٹرز نے کراچی میں ڈیرہ ڈال دیا،آئی لینڈر ٹیم کا شہر قائد پہنچنے پر ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان اور دیگر آفیشلز نے استقبال کیا،سخت سکیورٹی حصار میں پہلے سٹیٹ لاؤنج اور پھر ہوٹل تک پہنچایا گیا،قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ہوم گراؤنڈ پر پاکستانی ون ڈے ٹیم کی قیادت کو ایک بڑا اعزاز اور کیریئر کا یادگار لمحہ قرار دیتے ہوئے یقین ظاہر کیا کہ انہیں مداحوں کی جانب سے بھرپور سپورٹ ملے گی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کیخلاف 27 ستمبر سے شروع ہونے والی تین ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز کیلئے سری لنکن کرکٹ ٹیم گزشتہ روز شام کو کراچی پہنچ گئی جس کا ایئرپورٹ پر پی سی بی کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ آپریشنز ذاکر خان اور دیگر بورڈ آفیشلز نے استقبال کیا۔واضح رہے کہ دو ہزار نو میں سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد یہ اولین آئی لینڈر سائیڈ ہے جو پاکستان میں مکمل سیریز کھیلے گی ۔غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز سے کراچی پہنچنے والی سری لنکن ٹیم کیساتھ سری لنکن کرکٹ بورڈ کے حکام بھی پاکستان آئے ہیں جن کو جہاز سے براہ راست سٹیٹ لاؤنج لایا گیا جہاں ان کی چائے اور دیگرلوازمات سے تواضع کی گئی اور پھر سخت سکیورٹی حصار میں مقامی ہوٹل تک پہنچایا گیاجہاں اس کا ایک بار پھر پرتپاک استقبال کیا گیا۔

مہمان ٹیم کے کھلاڑی آج نیشنل سٹیڈیم میں پریکٹس سیشن کریں گے جبکہ جمعے کو پہلے ون ڈے میچ سے قبل دونوں مقابل ٹیموں کا جمعرات کو بھی پریکٹس سیشن شیڈول ہے ۔قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سری لنکن ٹیم کی آمد پر بہت زیادہ پرجوش ہیں جن کا کہنا تھا کہ اپنے ہوم گراؤنڈ پر قومی ون ڈے ٹیم کی قیادت ان کے کیریئر کا ایک یادگار لمحہ ہی نہیں بہت بڑا اعزاز بھی ہوگا۔ سرفراز احمد نے شائقین کرکٹ کو بھرپور تعداد میں سٹیڈیم آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ان کی خواہش ہوگی کہ شہر قائد کے مداح بڑی تعداد میں اس تاریخی لمحے کا حصہ بن جائیں،امیدہے ہمیں مداحوں سے بھرپور سپورٹ ملے گی۔قومی ٹیم کے نائب کپتان اور نوجوان بیٹسمین بابر اعظم کا کہنا تھا کہ انہیں کیریئر کے آغاز سے ہی شائقین کرکٹ کی بھرپور سپورٹ حاصل ہے لیکن سری لنکا کیخلاف اس میچ کیلئے کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلنا ان کیلئے یادگار بات ہوگی جس کا جشن منانے کیلئے وہ شائقین سے بڑی تعداد میں گراؤنڈ پہنچنے کی درخواست کریں گے ۔

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …