لاھور(میڈیا92نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت ایک بار پھر پارٹی سے ناراض ہوگئے اور انہوں نے وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان پر کرپشن کو تحفظ دینے کا بھی الزام لگادیا۔
گزشتہ دنوں پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت نے وزیراعظم کی جانب سے کشمیر آور منائے جانے کے اعلان کی جہاں تحسین کی وہیں انہوں نے ٹوئٹر کےذریعے فردوس عاشق اعوان کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
عامر لیاقت نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ ’عمران خان نے جمعے کے روز 12 سے ساڑھے 12 تک کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا کہا ہے، یہ (فردوس عاشق) فرماتی ہیں کہ جو جہاں موجود ہو وہ 3 منٹ کے لیے 12 بجے کھڑا ہوجائے، بات کرنے کا کوئی طریقہ ہوتا ہے، اپیل اور حکم میں فرق ملحوظ خاطر رکھیں، قوم دل سے کشمیریوں کے ساتھ ہے، حکم کی ضرورت نہیں‘۔
پی ٹی وی میں سنگین بے قاعدگیوں کو تحفظ دینے کے سوا فردوس عاشق اعوان کوکیاآتاہے؟ آصف راڈو نے رمضان المبارک میں 50 روپے کا افطار باکس 250 میں دیا انہیں بتایا گیا, خاور اظہر کی خلاف ضابطہ تقرری, امین اختر اور عمیر معصوم کو ہیوی پیکچ پر مارکیٹنگ سونپنا, محترمہ کو کچھ نظر نہیں آتا
— Aamir Liaquat Husain (@AamirLiaquat) August 28, 2019
عامر لیاقت نے اپنی ہی جماعت کی رکن پر کرپشن کو تحفظ دینے کا بھی الزام لگایا اور کہا کہ ’پی ٹی وی میں سنگین بے قاعدگیوں کو تحفظ دینے کے سوا فردوس عاشق اعوان کو آتا کیا ہے؟
عمران خان @ImranKhanPTI نے کہا جمعے کے روز 12 بجے سے 12:30 کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرنا ہے یہ فرماتی ہیں کہ جو جہاں موجود ہو وہ3 منٹ کے لیے 12 بجے کھڑا ہوجائے" بات کرنےکا کوئی طریقہ ہوتا ہے,اپیل اور حکم میں فرق ملحوظ خاطر رکھیں , قوم دل سے کشمیریوں کے ساتھ ہے حکم کی ضرورت نہیں
— Aamir Liaquat Husain (@AamirLiaquat) August 28, 2019
پی ٹی آئی ممبر قومی اسمبلی نے فردوس عاشق اعوان کو ان فالو کرنے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ اس سے انہیں خوشی محسوس ہورہی ہے۔
آج مجھے خوشی محسوس ہورہی ہے کہ میں نے فردوس عاشق اعوان کو #Unfollow کیاتھا, بے ینگم گفتگو, تسلسل سے مسلسل فضول الفاظ کی دھول ,
عمران خان @ImranKhanPTI کی ہدایات کے برعکس فردوسی بیانات کی یلغار, تنگ کر کے رکھا ہوا ہے پوری قوم کو— Aamir Liaquat Husain (@AamirLiaquat) August 28, 2019
عامر لیاقت کا کہنا تھا کہ ’بے ہنگم گفتگو، تسلسل سے مسلسل فضول الفاظ کی دھول، عمران خان کی ہدایات کے برعکس فردوسی بیانات کی یلغار، تنگ کرکے رکھا ہوا ہے پوری قوم کو‘۔
اس کے علاوہ پی ٹی آئی رکن نے ایک نجی ٹی وی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’فردوس عاشق اعوان غیر منتخب رکن ہیں، وہ انتخاب ہارگئیں، وہ کون ہوتی ہیں قوم کو حکم دینے والی، وہ غیر منتخب ہیں، مشیر اطلاعات کے لیے پوری پارلیمنٹ میں کوئی منتخب ممبر نہیں مل سکا، آپ کون ہوتی ہیں قوم کو حکم دینے والی، آپ تو منتخب بھی نہیں، نااہل لوگوں کے سپرد امانتیں کی جانے لگیں تو سمجھ لو قیامت قریب آرہی ہے، فردوس عاشق کئی مواقع پر حکومت کے لیے ہزیمت بنیں‘۔
عامر لیاقت نے مزید کہا کہ ’جب سے فردوس عاشق کو یہ وزارت ملی اس سے کوئی اچھی خبریں نہیں آتیں، وہ یہ وزارت چھوڑدیں اور کوئی کام کریں، عوام انہیں ویسے بھی مسترد کرچکے ہیں‘۔
عامر لیاقت نے اپنے بیان میں فردوس عاشق اعوان کو نااہل بھی قرار دیا۔
اپنے ایک اور بیان میں پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ وہ درباری نہیں ہیں اور وہ پارٹی کے ٹھاکر بن کر رہ گئے ہیں۔
عامر لیاقت اور معاون خصوصی فردوس عاشق کے درمیان کشیدہ تعلقات پر وزیراعظم عمران خان نے بھی نوٹس لیا ہے اور اس حوالے سے گزشتہ روز پریس بریفنگ میں فردوس عاشق نے کہا کہ اگر کسی رکن کو کوئی مسئلہ ہے تو اس پر بات کرنے کا پلیٹ فارم پارٹی ہے، اس کے باہر بات کرنے پر ایکشن لیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے نعیم الحق کو ذمہ داری سونپی ہے کہ وہ اس معاملے کو دیکھیں۔