رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت پارٹی سے نالاں

کراچی (میڈیا92نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین پارٹی سے نالاں ہیں۔ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کا کہنا ہے کہ مجھے مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین اپنی پارٹی سے ناخوش ہیں اور یہی وجہ ہے کہ وہ گذشتہ کچھ ہفتوں سے پارٹی رہنماؤں علی زیدی اور فردوس عاشق اعوان پر کڑی تنقید کرتے بھی نظر آئے۔
وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے دو ہفتے قبل کلین کراچی کے نام سے ایک مہم کا آغاز کیا جس پر انہوں نے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین سے مشاورت نہیں کی جس پر وہ علی زیدی سے ناراض ہو گئے اور انہیں تنقید کا نشانہ بنایا۔ عامر لیاقت حسین نے علی زیدی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں کہا کہ وہ شاید کراچی کے مئیر بننا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں یہ سمجھنے سے قاصر ہوں کہ مجھے کیوں کوئی کام نہیں سونپا جا رہا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے پارٹی سے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ میں کوئی درباری نہیں ہوں۔ وزیراعظم عمران خان نے خود ہمیں یہی سکھایا ہے کہ جہاں جہاں غلطی ہو اُس کی نشاندہی کرو۔ پارٹی چھوڑنے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے کہا کہ عمران خان میری محبت ہیں۔
میں اُن کو نہیں چھوڑ سکتا، وہ میری زندگی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی مرکزی قیادت مجھے نظر انداز کر رہی ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ جب میں نے کُھلے عام یہ بات کہی کہ مجھے نظر انداز کیا جا رہا ہے اُس کے بعد بھی پارٹی کی لیڈر شپ یا خود وزیراعظم عمران خان نے بھی مجھ سے کوئی رابطہ نہیں کیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے مزید کہا کہ آج کل میرے کبوتر وزیراعظم ہاؤس نہیں جا رہے۔

یہ بھی پڑھیں

جینیات سے وابستہ تناؤ ہارٹ اٹیک کا خطرہ زیادہ بڑھا دیتا ہے

بوسٹن: حال ہی میں ہونے والے ایک مطالعے سے پتہ چلا ہے کہ جینیاتی طور پر …