وزیراعظم عمران خان نے ذخیرہ اندوز اور گراں فروشوں کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کر لیا

اسلام آباد (میڈیا92نیوز)تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ذخیرہ اندوزی اورگراں فروشی کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کرلیا اور ملک میں مہنگائی کے معاملے پر آج دوپہر اعلیٰ سطح اجلاس بھی طلب کر لیا ہے۔
اس اجلاس میں صوبوں کےچیف سیکریٹریز اوردیگرحکام شریک ہوں گے جبکہ پنجاب اورخیبر پختونخواہ کے وزرائے اعلیٰ کی شرکت متوقع ہیں۔ ذرائع نے کہا کہ اجلاس میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی یا آپریشن کا طریقہ طے ہوگا اور وفاقی اورصوبائی حکام مہنگائی کنٹرول کرنے سے متعلق رپورٹ پیش کریں گے۔ خیال رہے کہ اس سے پہلے بھی ملک میں بڑھنے والی مہنگائی کا وزیراعظم عمران خان نے نوٹس لیا تھا۔
وزیر اعظم آفس سے جاری ہونے والے مراسلے میں ہدایات کی گئی تھیں کہ قوانین پرعمل درآمد کر کے سروس ڈیلیوری کو یقینی بنایا جائے، عوام کو ریلیف دینا فیلڈ انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی تھی کہ پرائس اورمارکیٹ کمیٹیوں کومزیدمؤثر بنایا جائے، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، فیلڈ افسران ہول سیل مارکیٹس کا دورہ کریں۔
انہوں نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافےکا نوٹس لیتے ہوئے مصنوعی مہنگائی کے خلاف کارروائی کا حکم دیا تھا اور ساتھ ہی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافے کے خلاف خصوصی مہم کی ہدایت کی تھی۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ قیمتوں میں بلاجواز اضافے پرکارروائی کی حکمت عملی اپنائی جائے، ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

یہ بھی پڑھیں

جینیات سے وابستہ تناؤ ہارٹ اٹیک کا خطرہ زیادہ بڑھا دیتا ہے

بوسٹن: حال ہی میں ہونے والے ایک مطالعے سے پتہ چلا ہے کہ جینیاتی طور پر …