سابق وزیراعظم نواز شریف کی پارٹی نے این آر او نہیں مانگا

لاہور(میڈیا92نیوز)پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما برجیس طاہر نے پارٹی رہنما مرتضیٰ جاوید عباسی کے ہمراہ پریس کانفرنس میں حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی پارٹی نے آپ سے این آر او نہیں مانگا۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آپ خود ہی کہتے ہیں کہ یوٹرن لیتے لیتے وزیراعظم بن گیا۔
انہوں نے پریس کانفرنس میں پارٹی قیادت کے جیل ہونے سے متعلق بھی بات کی اور کہا کہ جیلیں سیاستدانوں کی زینت ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ یہ 15، 15 کروڑ روپے اپنے اراکین اسمبلی کو دے رہے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ یہ فنڈز کہاں سے دیے جا رہے ہیں اور کیا انہیں سی پیک کے لیے مختص فنڈز سے جاری کیا جارہا ہے؟ برجیس طاہر نے کہا کہ قومی اسمبلی کی توانائی کمیٹی کے اجلاس کے ایجنڈے میں شامل نقطے کو آخر میں نکال دیا گیا۔
انہوں نے موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ قوم کے پیسے کی تذلیل کر رہے ہیں اور اس ملک کی معیشت کے ساتھ کھیل رہے ہیں۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما مرتضیٰ جاوید عباسی کا کہنا تھا کہ چیئرمین کمیٹی نے اپنا آئینی کردار ادا نہیں کیا جبکہ وزیر توانائی عمر ایوب پچھلے سال کے جاری فنڈز بھی روک رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عمر ایوب کے ان اقدامات کی مزاحمت کرتے ہیں اور پارلیمان اور اپنے حلقے میں اس پر احتجاج کریں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل مسلم لیگ ن کے اراکین قومی اسمبلی نے توانائی اجلاس سے بھی واک آؤٹ کیا تھا۔ خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کی قیادت مختلف مقدمات میں جیل میں قید ہے جس کی وجہ سے پارٹی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ پارٹی میں دھڑے بندی بھی واضح ہونے لگی ہے جبکہ دوسری جانب مسلم لیگ ن حکومت مخالف تحریک کا حصہ بھی بنی ہوئی ہے تاکہ حکومت کو ٹف ٹائم دیا جائے البتہ این آر او کی خبریں بھی گردش کر رہی ہیں جنہیں مسلم لیگ ن کئی مرتبہ مسترد کر چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں

جینیات سے وابستہ تناؤ ہارٹ اٹیک کا خطرہ زیادہ بڑھا دیتا ہے

بوسٹن: حال ہی میں ہونے والے ایک مطالعے سے پتہ چلا ہے کہ جینیاتی طور پر …