بھارتی فوج اپنے وزیراعظم کو کبھی بھی جنگ کا مشورہ نہیں دے گی

اسلام آباد (میڈیا92نیوز) : بھارتی فوج کبھی بھی اپنے وزیراعظم کو جنگ کا مشورہ نہیں دے گی۔ ان خیالات کا اظہار سابق وزیرخارجہ خورشید قصوری نے ایک پروگرام سے گفتگو کے دوران کیا۔ خورشید محمود قصوری کا کہنا تھا کہ پاکستان نے 27 فروری کو جس طرح بھارت کو جواب دیا تھا اور جو بھارتی فضائیہ کے سربراہ نے کہا اس کے بعد بھارت کی جانب سے حملے کا امکان کم ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کی مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی جانے والی اس حرکت نے تمام کشمیریوں کو متحد کردیا ہے، اور پہلے سے دبے مسئلہ کشمیر کو ایک بار پھر سے عالمی بنا دیا ہے اور مغرب نے بھی کُھل کر اس کی حمایت نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی کی بات پاکستان نہیں کررہا بلکہ یہ عالمی اداروں کی آواز ہے۔
عالمی میڈیا بھی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سارا ملبہ بھارت پر ڈال رہا ہے۔ خورشید محمود قصوریکا کہنا تھا کہ بھارت کچھ بھی کہتا رہے کشمیر ایک متنازعہ معاملہ ہے۔ سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمیں دنیا کو بآور کروانا ہوگا کہ اگر کچھ ہوا تو پاکستان اور بھارت کے درمیان کے نہیں بلکہ خطے اور عالمی امن کے لیے خطرہ ہوگا۔ سابق وزیر خارجہ خورشید محمود قصوری نے کہا کہ پاکستان میں سیاسی اختلافات کے باوجود قیادت اور عوام متحد ہیں، اگر بھارت نے کسی غیرذمہ داری کا مظاہرہ کیا تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ دو ممالک کے درمیان مداخلت تب ہی کرتا ہے جب جنگ کا خطرہ ہو، ماضی میں بھی جب پاک بھارت حالات خراب ہوئے تو امریکہ نے دونوں طرف رابطے کرکے حالات کو معمول پر لانے کی کوشش کی۔ خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کیے جانے کے بعد سے ہی وادی میں کرفیو نافذ ہے اور لوگ گھروں کے اندر محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …