کشمیر پر بھارتی قبضے کے خلاف آواز اٹھانا ہوگی. امریکی رکن کانگرس

نیویارک(میڈیا92نیوز) امریکی رکن کانگریس ایورٹ کلارک نے کہا ہے کہ ہمیں کشمیر پر بھارتی قبضے کے خلاف آواز اٹھانا ہوگی، احتجاج کرنا ہوگا کیونکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام ہم جیسے لوگوں پر انحصار کر رہے ہیں. ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی شہر نیویارک کے سب سے زیادہ آبادی والے علاقے بروکلن سے امریکی رکن کانگریس ایورٹ کلارک نے مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کی ہے.
ایورٹ کلارک نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے جارحانہ اقدامات ناقابل قبول ہیں کشمیریوں کو بلا خوف و خطر خود ارادیت، اپنی مرضی سے عبادت کرنے اور اپنے حساب سے زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے.
ایورٹ کلارک نے کہا کہ کشمیریوں کو بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے وادی پر قبضے کے خوف سے آزاد جینے کا حق بھی حاصل ہے اگرچہ اس وقت امریکی کانگریس سیشن میں نہیں ہے، میں جانتی ہوں کہ بہت سے ارکان نے بھارت کے اس انتہائی برے فیصلے کے خلاف اپنے بیانات جمع کرائے ہیں.
انہوں نے کہا کہ ہمارا بھارت سے مطالبہ ہے کہ وہ کشمیر میں جارحیت بند کرے اور کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دے، وہاں کوئی جانی نقصان نہ ہو، وہاں کسی کی املاک پر قبضہ نہ کیا جائے اور کشمیریوں کو مذہبی آزادی حاصل ہو. امریکی رکن کانگریس ایورٹ کلارک نے کہا کہ میں جانتی ہوں کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب بدلنے کی کوشش کر رہا ہے یہ انتہائی خوفناک اقدام ہے جو ہماری آنکھوں کے سامنے ہو رہا ہے جو لوگ قانون کو مانتے ہیں، انصاف اور خود ارادیت پر یقین رکھتے ہیں وہ خاموش تماشائی بنے نہیں بیٹھ سکتے.
انہوں نے کہا کہ ہمیں اس پر آواز اٹھانا ہوگی، احتجاج کرنا ہوگا کیونکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام ہم جیسے لوگوں پر انحصار کر رہے ہیں جو جانتے ہیں کہ کشمیری نسل در نسل کن مصائب سے گزر رہے ہیں.

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …