شناخت بدل کر پاکستان میں رہائش پذیر بھارتی شہری گرفتار

گوجرانوالہ (میڈیا 92 نیوز آن لائن ) وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے جعلی دستاویزات پر رہائش پذیر بھارتی شہری کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ایف آئی اے کے مطابق مذکورہ شخص 10 سال سے گوجرانوالہ میں رہائش پذیر تھا جس کو پناہ فراہم کرنے والے شہری کے خلاف بھی مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

اس ضمن میں ایف آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر عامر نواز نے ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پنجم تیواری نامی شخص 2009 میں ملازمت کے سلسلے میں دبئی گیا تھا جہاں اس کی ملاقات گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے شہری کامران سے ہوئی۔

جس کے بعد دونوں کاروباری شراکت دار بن گئے تھے اور کامران, پنجم تیواری کو جعلی پاسپورٹ پر پاکستان لے آیا تھا۔

بعدازاں پنجم تیواری نے اسلام قبول کر کے بلال نام اختیار کیا اور کامران کی بہن رخسانہ کے ساتھ اس کی شادی کردی گئی تھی۔

ایف آئی اے عہدیدار کا مزید کہنا تھا کہ مذکورہ شخص نے جعلی پیدائشی سرٹیفکیٹ، قومی شناختی کارڈ، نکاح نامہ وغیرہ بنوا کر پاکستان میں ہی رہائش اختیار کرلی تھی۔

ایف آئی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر عامر سندھو کے ساتھ انسپکٹر نوید احمد، سب انسپکٹر شاہزیب، نے مومن آباد میں موجود مکان پر چھاپہ مار کر پنجم کو گرفتار کیا جبکہ کامران کے خلاف بھی مقدمہ درج کرلیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …