چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں کوئی ہارس ٹریڈنگ نہیں ہو رہی، شیخ رشید

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے حوالے سے کوئی ہارس ٹریڈنگ نہیں ہورہی ہے۔

سکھر ریلوے اسٹیشن سے اپنے دورے کے تیسرے روز ٹریک کے معائنے کے لیے روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ ‘حکومت کے پاس تعویذ ہوتے ہیں اور یہ سیاسی تعویذ وسیم سجاد کے بطور چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں بھی چلے تھے۔’

انہوں نے کہا کہ ‘چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے حوالے سے کوئی ہارس ٹریڈنگ نہیں ہورہی ہے، تمام سینٹرز ہوشیار اور صاحب دماغ ہیں اور وہ سوچ سمجھ کر ووٹ دیں گے۔’

وزیر ریلوے نے کہا کہ سینیٹ میں جو جیتے یا ہارے مگر اس سے جمہوریت کمزور ہوگی، دنیا بھر میں کہیں چیئرمین سینیٹ کا یوں فٹبال نہیں بنایا جاتا جس طرح پاکستان میں بنایا جاتا ہے، سیاسی پارٹیاں اور پاکستان امتحان سے گزر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن یہ سمجھتی ہے کہ وہ معاشی عدم استحکام لاکر اپنے مقاصد حاصل کر لے گی تو یہ اس کی بھول ہے، میں دیوار کے پیچھے کے حالات دیکھ رہا ہوں اور یہ حالات قوم کو نہیں بتا سکتا، یہ لوگ ہاتھ لگا لگا کر روئیں گے کیونکہ اس ملک نے رہنا ہے اور آگے جانا ہے، شیخ رشید رہے یا نہ رہے یہ ملک ترقی کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اس سلسلے میں پوری کوشش کر رہے ہیں، وہ اپنے 5 سال کی مدت پوری کریں گے، ان کے خلاف سارے اس لیے اکٹھے ہوئے ہیں کہ ان سب کی چوری پکڑی گئی ہے، ان کے ساتھ کوئی بھی ایسا نہیں ہے جس کا جمہوری و سیاسی ریکارڈ پاک اور صاف ہو، ان سب کے ہاتھ گدلے ہیں اور گند میں بھرے ہوئے ہیں اور یہ گند میں بھرے ہاتھ قوم کے چہرے پر ملنے جارہے ہیں، ان سارے حالات کا نقصان عام آدمی کو ہو رہا ہے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ ‘مولانا فضل الرحمٰن بادشاہ آدمی اور عالم دین ہیں، میں ان کا احترام کرتا ہوں مگر وہ غلط کھیل رہے ہیں، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) این آر او لینے کے چکر میں ہیں، مولانا صاحب ان کے چکر میں سیاست اور ڈیرہ اسمٰعیل خان میں فوجی زمینوں سے بھی ہاتھ دھو بیٹھیں گے اور دینی طلبا اور مدارس کو بھی نقصان پہنچائیں گے۔’

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …