وزیراعظم کا اماراتی ولی عہد کو ٹیلی فون، قیدیوں کی رہائی پر اظہار تشکر

اسلام آباد (میڈیا 92 نیوز آن لائن ) وزیراعظم عمران خان کا متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں دو طرفہ تعلقات اور خطے میں ہونے والی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید کی ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو میں وزیراعظم نے رمضان میں 700 پاکستانی قیدیوں کی رہائی پر یو اے ای کے ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔

ترجمان کے مطابق ٹیلی فونک گفتگو میں وزیراعظم نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے معاملے پر حمایت کرنے پر یو اے ای کے کردار کو سراہا۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان قریبی تعاون اور برادرانہ تعلقات ہیں، پاکستان یو اے ای کے ساتھ مستحکم تعلقات کواہمیت دیتا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔


دوسری جانب یو اے ای کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری پیغام میں کہا کہ انہیں وزیراعظم عمران خان کی ٹیلی فون کال موصول ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی وزیراعظم سے باہمی تعاون کے فروغ، خطے اور بین الاقوامی باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے بھی فون پر بات چیت کی اور پاکستان کے مفادات کی حمایت پر سعودی ولی عہد سے اظہار تشکر کیا۔

وزیر اعظم نے شہزادہ محمد بن سلمان کے تمام شعبوں میں تعاون اور تعلقات کو مضبوط کرنے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں

جینیات سے وابستہ تناؤ ہارٹ اٹیک کا خطرہ زیادہ بڑھا دیتا ہے

بوسٹن: حال ہی میں ہونے والے ایک مطالعے سے پتہ چلا ہے کہ جینیاتی طور پر …