بیروزگار مولانا، نواز اور زرداری کے پیغامات پہنچا رہے ہیں،فیاض الحسن

لاہور (میڈیا 92 نیوز آن لائن ) پنجاب کے وزیربرائے کالونیز فیاض الحسن چوہان نے شمالی وزیرستان اور بلوچستان میں شہید ہونے والے فوجی جوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں جو امن ہے اس کے پیچھے وردی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلاشبہ شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے۔

پنجاب اسملبی کے باہر ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے حزب اختلاف کو کڑی نکتہ چینی کا نشانہ بنایا اور کہا کہ 40 سال کی سیاہ کاری کو یاد کرکے انہوں نے یوم سیاہ منایا جب کہ ہم نے یوم تشکر منایا۔

فیاض الحسن چوہان نے سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اصول کے نام پر وصول کی سیاست کرتے ہیں اور ہمیشہ بمع اہل وعیال جمہوریت کے مزے لوٹتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا کا کام اللہ کا پیغام پھیلانا ہے لیکن آج کل بیروزگار مولانا فضل الرحمان نوازشریف اور آصف علی زرداری کے پیغامات ایک دوسرے کو پہنچا رہے ہیں۔

صوبائی وزیر نے دعویٰ کیا کہ مولانا کی سیاست کا خیبرپختونخوا میں عمران خان نے جنازہ نکال دیا ہے اور عوام نے بھی ان کی سیاست مسترد کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کے نام پر اسلام آباد کی تڑپ رکھنے والے مولانا آئندہ انتخابات کے بعد سڑکوں پہ لاچار پھریں گے۔

جمعیت العلمائے اسلام (ف) کے سربراہ کی جانب سے موجودہ حکومت کو مستعفی ہونے کی تاریخ دیے جانے کے حوالے سے انہوں نے استفسار کیا کہ اگست تک مستعفی ہونے کا کہنے والے آپ کون ہوتے ہیں؟ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سرکاری خرچوں پر 40 لاکھ کی لسی ڈکارنے والے مدارس کے بچوں کو اپنی سیاست کی بھینٹ چڑھا رہے ہیں۔

پنجاب کے صوبائی وزیر نے شریف خاندان کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ان پر ’چارسو بیسی‘ کا الزام عائد کیا اور کہا کہ عوام کو دکھانے کے لیے شہباز شریف نے ایک ای میل کردی ہے لیکن جانے کی ان میں ہمت نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہزاد اکبر نے اسی لیے کہا ہے کہ جگرہ ہے تو لندن میں رپورٹر کے خلاف مقدمہ کریں۔

فیاض الحسن چوہان نے نام لیے بغیر کہا کہ اپوزیشن اور میڈیا میں ان کی ’انسٹالیشنز‘ چیزوں کی ’ہائپ‘ بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی بینک کی رپورٹ بیگم صفدر اعوان نے ٹوئٹ کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ماہ پہلے کہا گیا تھا کہ آٹے اور میدے پر ٹیکس لگ گیا ہے لیکن پھر معلوم ہوا کہ آٹے اور میدے پر کوئی ٹیکس نہیں لگایا گیا ہے۔

پنجاب کے صوبائی وزیرنے کہا کہ امریکہ برطانیہ ، ملائیشیا، ترکی، سعودی عرب اور ایران پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ممالک تجارت بھی کررہے ہیں۔عالمی سیاسی صورتحال کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی کمال ڈپلومیسی کی پوری دنیا گرویدہ ہوچکی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایک سے ڈیڑھ سال میں معیشت بہتر ہو جائے گی۔

ایک سوال پران کا کہنا تھا کہ اپوزیشن آئے لیکن وہ لوگ نہ آئیں جن کو سزا ہوچکی ہے کیونکہ سزایافتہ مجرم ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بیگم صفدر اعوان جرائم پیشہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی سزا معطل ہوئی ہے لیکن ختم نہیں ہوئی بلکہ قائم ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ قیدی نمبر 420 نواز شریف اور بیگم صفدراعوان بھی مجرم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مجرم خیال کریں اوراپنے گریبانوں میں جھانکیں کہ سزایافتہ ہیں تو اپنی حدود میں رہ کر کام کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے مطابق جہانگیر ترین کا کیس مختلف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ نااہل ہیں اورالیکشن نہیں لڑ سکتے ہیں لیکن ان کے خلاف تو فراڈ کا مقدمہ چلا ہے جس میں انہیں سزا اور جیل ہوئی ہے۔

پنجاب کے صوبائی وزیربرائے کالونیز فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں آئین نہیں روایات ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …