اردوان کا وزیراعظم کو فون، پاکستان-ترکی-ملائیشیا معاملات پر تبادلہ خیال

اسلام آباد (میڈیا 92 نیوز آن لائن ) ترک صدر رجب طیب اردوان نے وزیر اعظم عمران خان کو فون کرکے دوطرفہ تعلقات سمیت پاکستان، ترکی اور ملائیشیا پر مشتمل سہ فریقی معاملات کو آگے بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم ہاؤس سےجاری اعلامیے کے مطابق ‘ترک صدر طیب اردوان نے وزیراعظم سے پاکستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعےمیں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس اور ہمدردی کا اظہار کیا’۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ‘دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات کے مختلف پہلووں پر بہتری کے حوالے سے بات کی اور خاص طور پر وزیراعظم عمران خان کے رواں برس ترکی کے دورے میں ہونے والی گفتگو کا بھی جائزہ لیا’۔

ترک صدر اور وزیر اعظم عمران خان کے درمیان ہونے والی گفتگو کے حوالے سے بیان میں کہا گیا ہے کہ ‘انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات اور قریبی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا’۔

دونوں رہنماؤں نے عزم کیا کہ ‘پاکستان-ترکی ہائی لیول اسٹریٹجک کوآپریشن کونسل (ایچ ایل ایس سی سی) کے اگلے سیشن میں مختلف شعبوں پر باہمی تعاون کو مزید مستحکم کیا جائے گا جو رواں برس کے اواخر میں اسلام آباد میں ہوگا’۔

ایچ ایل ایس سی سی کے سیشن کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت پاکستان اور عوام صدر اردوان کے دورے پر انہیں خوش آمدید کہنے کے منتظر ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ‘وزیر اعظم عمران خان نے افغانستان کے امن عمل اور مصالحت کے لیے عالمی کوشش میں پاکستان کے کردار پر ترک صدر کی حمایت کو سراہا’۔

طیب اردوان سے گفتگو کے دوران وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورت حال بھی اجاگر کیا۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم عمران خان اور ترک صدر طیب اردوان نے ‘پاکستان-ترکی-ملائیشیا پر مشتمل سہ فریقی لائحہ عمل پر بات کی اور اس حوالے سے اگلے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا’۔

خیال رہے کہ ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد اور عمران خان نے رواں برس دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کا اعادہ کرتے ہوئے دورے بھی کیے تھے جبکہ مہاتیر محمد نے گزشتہ روز ترکی کا دورہ کیا تھا جہاں دونوں رہنماؤں نے تعلقات اور تجارتی معاملات پر گفتگو کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …