اہلیہ پر تشدد کا الزام: محسن عباس حیدر کے خلاف مقدمہ درج

لاہور (اپنے رپورٹر سے ) پاکستانی اداکار و گلوکار محسن عباس حیدر کی اہلیہ فاطمہ سہیل نے رواں ماہ 20 جولائی کو اپنے شوہر پر گھریلو تشدد اور شادی شدہ ہونے کے باوجود افیئرز چلانے کا الزام عائد کیا تھا، جس کے بعد اب لاہور کے ڈیفنس پولیس اسٹیشن میں اداکار کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی۔

محسن عباس حیدر کے خلاف ایف آئی آر دفعہ 406 اور 506 کے تحت درج کی گئی جبکہ ان پر درخواست گزار کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کا بھی الزام عائد کیا گیا۔

یاد رہے کہ مقدمہ درج ہونے سے قبل محسن عباس اور ان کی اہلیہ دونوں ایس پی کینٹ لاہور کے دفتر پہنچے تھے جہاں انہوں نے اپنے بیانات ریکارڈ کرائے۔

ایف آئی آر میں فاطمہ نے اپنے شوہر پر الزام لگاتے ہوئے بتایا کہ چار سال قبل محسن کا رویہ ان کے ساتھ کافی خراب ہونا شروع ہوگیا تھا اور وہ متعدد مواقع پر ان سے بہت بری طرح پیش آتے تھے، محسن کا کسی اور خاتون کے ساتھ افیئر بھی سامنے آیا۔

انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ ‘محسن نے مجھ سے مطالبہ کیا تھا کہ میں اپنے گھر والوں سے پیسے لے کر ان کے پاس جاؤں تاکہ وہ نیا کاروبار شروع کرسکیں، جس کے لیے میرے والد نے انہیں 50 لاکھ روپے بھی دیے، کچھ عرصے بعد جب میں نے محسن سے اس رقم اور بزنس کے حوالے سے سوال کیا تو محسن نے میرے ساتھ بدسلوکی کی اور مجھے سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں اور والدین سے مزید 50 لاکھ روپے لانے مطالبہ کیا، جس کے انکار پر انہوں نے مجھ پر جسمانی تشدد شروع کردیا۔’

فاطمہ نے دعویٰ کیا کہ ‘گزشتہ سال 26 نومبر کو میں نے محسن کو رنگے ہاتھوں پکڑا اور پوچھنے پر محسن نے ان پر حاملہ ہونے کے دوران تشدد کیا جس کے باعث میرے چہرے اور جسم پر چوٹوں کے نشان بھی آئے، باوجود یہ جانتے ہوئے کہ میں اس وقت حاملہ تھی۔’

فاطمہ کے مطابق رواں ماہ 17 تاریخ کو وہ جب ڈیفنس میں محسن کے گھر ان سے پیسوں کا مطالبہ کرنے گئیں تھیں کیونکہ وہ علیحدہ ہونے کا فیصلہ کرچکی تھیں۔اس موقع پر محسن نے پھر ان پر تشدد کیا اور وہ ان پر گولی چلانے والے ہی تھے، لیکن اپنے بھائی کی مدد سے وہ وہاں سے باحفاظت نکل سکیں۔

فاطمہ نے اپنی میڈیکل رپورٹ بھی جمع کروائی اور پولیس سے مطالبہ کیا کہ وہ محسن کے خلاف سخت کارروائی کریں اور ان کی رقم کی برآمدگی کو یقینی بنائیں۔پولیس کے ایک ذرائع نے بتایا کہ محسن عدالت سے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کرچکے ہیں۔

واضح رہے کہ اہلیہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر الزام لگانے کے بعد محسن عباس حیدر نے 21 جولائی کو ایک پریس کانفرنس میں خود پر لگے تمام الزامات کو بےبنیاد قرار دے دیا تھا۔

محسن عباس حیدر نے کہا تھا کہ ‘وہ جو کچھ کہہ رہی ہیں وہ جھوٹ ہے، میں نے ان کو چھوا بھی نہیں، یہ ٹھیک ہے کہ ماضی میں غصے کے حوالے سے مجھے مسائل رہے ہیں مگر اب میں بدل چکا ہوں’۔

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …