نیب ارسلان افتخار کیخلاف کارروائی کرے :پاکستان بار کونسل

اسلام آباد(میڈیا92نیوز آن لائن)
پاکستان بار کونسل نے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کے صاحبزادے ارسلان افتخار کیخلاف کرپشن کے الزامات سے متعلق معاملہ منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے قومی احتساب بیورو (نیب )کو خط لکھ دیا۔ وائس چیئر مین پاکستان بار کونسل کی طرف سے سیکرٹری بار نے نیب کو لکھے گئے خط میں سابق چیف جسٹس افتخار چودھری کے بیٹے ارسلان افتخار کیخلاف کرپشن کے الزامات کے معاملے میں سپریم کورٹ کے حکم پر فوری عملدرآمد کا مطالبہ کیا اور کہا کہ سپریم کورٹ نے معاملہ نیب کو بھیج دیا تھا لیکن اس فیصلے کیخلاف نظر ثانی درخواست دائر کی گئی تھی۔ نظر ثانی درخواست بعد میں واپس لینے پر عدالت عظمیٰ کا فیصلہ بحال ہوگیا اور اٹارنی جنرل نے عدالت کا فیصلہ تفتیش اور ضروری کارروائی کیلئے نیب کو بھیجا لیکن کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ۔ نیب ارسلان افتخار کیخلاف کارروائی منطقی انجام تک پہنچائے تاکہ ملک میں جاری حالیہ احتسابی عمل صحیح معنوں میں بلا امتیاز ہوتا ہوا نظر آئے ۔دریں اثنا نیب نے پاکستان بار کونسل کے خط پر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ارسلان افتخار کیس میں قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ سپریم کورٹ نے کیس کا 2012ء میں فیصلہ سنایا تھا جبکہ نیب کو مصدقہ نقل جولائی 2019ء میں موصول ہوئی، اس دوران سپریم کورٹ میں نظرثانی پٹیشن کا بھی فیصلہ ہواجس کی بنا پر پرانی ہدایات میں تبدیلیاں آئیں ۔ نیب پاکستان بارکونسل کا احترام کرتا ہے جبکہ سپریم کورٹ کے تمام فیصلوں پر من و عن عمل پر کاربند ہے ۔ قومی فرض کے تحت بدعنوانی کے خاتمے کیلئے عمل پیرا نیب سپریم کورٹ کے تمام فیصلوں کا بغور جائزہ لے رہا ہے ، قانون کے مطابق کارروائی کی جائیگی۔

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …