Meezan bank Stop payment of netflix

پاکستانی بنک نے شرعی قانون نافذ کر دیا نیٹ فلیکس کو حرام قرار دے کر کارڈ کی پیمنٹ کو روک دیا

لاہور(میڈیا92نیوز)
پاکستانی بنک نے شرعی قانون نافذ کر دیا نیٹ فلیکس کو حرام قرار دے کر کارڈ کی پیمنٹ کو روک دیا
26 سالہ محمد احمد طارق نے اپنے موبائل میں مختلف گانے سننے کے لیے مختلف ایپس ڈاؤن لوڈ کی ہوئی ہیں جن کی وہ آن لائن رقم بھی ادا کرتے ہیں۔
کئی ایسی ایپس استعمال کرنے کے لیے انھیں اپنے بینک کے کارڈ کا بھی استعمال کرنا پڑتا ہے لیکن ایک دن رقم ادا کرتے ہوئے انھیں بتایا گیا کہ یہ پورا عمل ’حرام‘ ہے۔
اسی طرح جب احمد نے میوزک ڈاؤن لوڈ کرنے والی ایک موبائل ایپ کو رقم کی ادائیگی کے لیے اپنا بینک کارڈ استعمال کیا تو ان کی پیمنٹ رُک گئی۔ جب انھوں نے میزان بینک کو فون ملایا تو ترجمان نے انھیں بتایا کہ بینک اس معاملے پر کام کر رہا ہے لیکن ’اگر آپ کا معاملہ فلمیں دیکھنے والی ایپ نیٹ فلکس کو رقم کی ادائیگی کی وجہ سے رُکا ہوا ہے تو وہ پورا نہیں ہو پائے گا کیونکہ ہمارے بینک کا کارڈ نیٹ فلکس کے لیے استعمال نہیں ہوسکتا۔ یہ ہماری شریعہ پالیسی کے خلاف ہے۔‘
اس بارے میں احمد نے بتایا کہ ’ایک تو میں نے اتنی اطلاع مانگی نہیں تھی جتنی مجھے بینک فون کرنے پر مل گئی۔ میرے ذہن میں نہیں تھا کہ نیٹ فلکس کو رقم کی ادائیگی ایک بینک اس وجہ سے روک دے گا کہ اسے غیر اسلامی سمجھا جاتا ہے۔‘

احمد نے بینک سے بات کرنے کے فوراً بعد سماجی رابطے کی ویب سائیٹ پر بینک کے نام سمیت پوسٹ لکھ کر ٹویٹ کردی جس کو بہت لوگوں نے پڑھا اور دوسروں کو مطلع کرنے کے لیے آگے بھی بڑھایا۔
نیٹ فلکس بین الاقوامی سٹریمنگ سروس ہے جس کے دنیا بھر میں 148 ملین دیکھنے والے ہیں۔ جب نیٹ فلکس پاکستان میں لانچ کیا گیا تھا تب مقامی سطح پر زیادہ خوشی اس بات کی تھی کہ پاکستان میں بننے والی فلموں اور ڈراموں کو اس پلیٹ فارم پر جگہ ملے گی۔
پاکستان میں اس کے دیکھنے والوں کا اندازہ گُوگل ٹریندز سے لگایا جاسکتا ہے۔ ڈان اخبار میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق ’پاکستان میں نیٹفلکس کی لانچ کے بعد اس کو سرچ کرنے والوں کی تعداد میں 73 فیصد اضافہ ہوا ہے۔‘
اس سے سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا بینک مذہب کے نام پر ایسی سروس کو نظر انداز کرسکتے ہیں؟
جب بی بی سی نے میزان بینک کے کال سینٹر سے پوچھا تو انھوں نے اس بات کی تصدیق کی۔ لیکن مزید کہا کہ یہ تمام فیصلے بینک کی ’شریعہ کونسل‘ کے تحت ہوتے ہیں۔
میزان بینک کے علاوہ ملک کے جتنے بھی ’اسلامی‘ بینک ہیں وہ لائسنس یافتہ ہونے کے ساتھ ساتھ شریعت کے مطابق ہدایات پر بھی عمل کرتے ہیں۔ اسی حوالے سے ان سب بینکوں نے اپنے شرعی بورڈ میں علما کرام کو بھی شامل کیا ہوا ہے۔
یہ ماہرین بینک کے ڈیبٹ کارڈ کے استعمال کے بارے میں ہدایت نامہ جاری کرتے ہیں اور جن باتوں کو یہ غلط کہتے ہیں ان کے لیے ادائیگی نہیں ہو سکتی مثلاً جوا، شراب اور سینما گھر کا ٹکٹ وغیرہ۔

سبھی بینک ان ہدایات کو اپنی اپنی پالیسی کے تحت استعمال کرتے ہیں۔ نیٹ فلکس کو اسی زمرے میں شامل کیا گیا ہے۔
احمد اب دوسرے بینک میں اکاؤنٹ کھولنے کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ’یہ بینک کے اپنے لیے غلط ہے۔ میں ایک بات ضرور کہنا چاہوں گا کہ میزان بینک کسٹمر سروس میں سب سے اچھا ہے، لیکن ان کو وقت کے ساتھ اپنی پالیسی کے بارے میں سوچنا پڑے گا۔‘

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …