’اثاثہ جات ڈیکلیریشن اسکیم میں 95000 افراد رجسٹر ہو چکے ہیں‘

اسلام آباد (میڈیا 92 نیوز آن لائن ) چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریوینیو (ایف بی آر) شبر زیدی نے کہا ہے کہ اثاثہ جات اسکیم میں اب تک 95000 افراد نے خود کو رجسٹر کرایا ہے۔

ایک خبر رساں ایجنسی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معمولی سے ٹیکس کے عوض اپنے اثاثوں کو قانونی بنانے کا یہ بہت اچھا موقع ہے، ملکی تعمیر و ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے کے لیے ٹیکس گوشوارے جمع کرانا ہر شخص کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اثاثے ڈیکلیئر کرنے کی اسکیم کامیاب ہو گی تاہم چیئرمین ریوینیو بورڈ نے یہ بات واضح کی کہ اس میں مزید توسیع نہیں کی جائے گی۔

شبر زیدی نے کہا کہ اس اسکیم کا مقصد محصولات میں اضافہ نہیں بلکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لا کرمعیشت کو دستاویزی شکل دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایف بی آر نے پہلے ہی لوگوں کی جائیداد اور اثاثہ جات کی تفصیلات حاصل کر لی ہیں اور انہیں ویب سائیٹ پر ڈال دیا ہے۔

ایف بی آر میں اصلاحات کے حوالے سے ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ٹیکس بیس کو بڑھانے کے لیے ہم اس ادارے کے پورے ڈھانچے میں تبدیلی لا رہے ہیں۔

چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھا کہ اب کسی بھی شخص کے لیے ٹیکس کے نظام سے باہر رہنا انتہائی مشکل ہو گا کیونکہ حکومت نے مختلف اقدامات کے ذریعے ٹیکس ادا نہ کرنے کا تصور ختم کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …