چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے سے حکومت لرز جائے گی، مریم نواز

اسلام آباد (میڈیا 92 نیوز آن لائن ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز کا کہنا ہے کہ چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے سے تمام مسائل حل تو نہیں ہوں گے لیکن جعلی مینڈیٹ والی حکومت لرز جائے گی۔

اپوزیشن جماعتوں کی کثیر الجماعتی کانفرنس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ ‘میں سمجھتی ہوں اس جعلی حکومت کو قبول نہیں کرنا چاہیے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘جتنے دن یہ حکومت رہے گی پاکستان میں صورتحال دگر گوں رہے گی، خدانخواستہ ایسا نہ ہو کہ حالات آپے سے باہر ہو جائیں’۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف عدم اعتماد تحریک کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ‘چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے سے تمام مسائل حل تو نہیں ہوں گے لیکن جعلی مینڈیٹ والی حکومت لرز جائے گی’۔

مسلم لیگ (ن) میں اختلافات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ‘میاں نواز شریف، شہبازشریف، حمزہ اور میں ایک ہیں، ہمارے درمیان کوئی اختلاف نہیں’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘پوری جماعت کا میاں نواز شریف اور شہباز پر بھرپور اعتماد ہے’۔

انہوں نے کہا کہ ‘ایک دوسرے کے ساتھ اختلاف تو کرسکتے ہیں البتہ فیصلہ لیڈر شپ کا ہوتا ہے جو خوش دلی سے قبول ہوتا ہے’۔

مریم نواز کا کہنا ہے کہ ‘روپے کی قدر ایک ایک دن میں 5،5 روپے قدر گر رہی ہے، صرف جون کے مہینے میں 14 ارب قرضوں میں اضافہ ہوا، یہ حکومت خود ہی گر جائے گی ہمیں تردد نہیں کرنا پڑے گا’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘ہر روز عوام نئے بجٹ کی وجہ سے پس رہے ہیں، بجلی، گیس، روٹی کی قیمتوں بڑھنے سے عوام کی زندگی جہنم بن گئی ہے’۔

خیال رہے کہ اسلام آباد میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کی میزبانی میں اپوزیشن کی کثیرالجماعتی کانفرنس منعقد ہوئی جس میں اپوزیشن کی تمام بڑی جماعتوں نے شرکت کی۔

اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے ممکنہ طور پر حکومت مخالف احتجاجی تحریک کو ایک پلیٹ فارم سے شروع کرنے، بجٹ کی منظوری رکوانے اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے کثیرالجماعتی کانفرنس منعقد ہوئی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں 25 جولائی کو عام انتخابات میں دھاندلی کے خلاف یوم سیاہ اور یوم احتجاج منانے کا فیصلہ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں

جینیات سے وابستہ تناؤ ہارٹ اٹیک کا خطرہ زیادہ بڑھا دیتا ہے

بوسٹن: حال ہی میں ہونے والے ایک مطالعے سے پتہ چلا ہے کہ جینیاتی طور پر …