ایسے حالات پیدا نہیں کرنا چاہتے آمریت آجائے : شاہد عباسی

لاہور (میڈیا92نیوز آن لائن)
مسلم لیگ(ن) کے سینئر نائب صدر،سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ایک روز قبل ہم نے کسی پر کوئی حملہ نہیں کیا، صرف یہ کہا کہ 31مئی 2018کو پاکستان اس جگہ پر تھا اور 31مئی 2019کو یہاں پر ہے ۔پروگرام ہارڈ ٹاک پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا اگر یہ ہمارے اوپر معیشت خراب کرنے کا الزام لگاتے ہیں تو پھر انہیں فوری طور پر حکومت کی چابیاں ہمارے حوالے کردینی چاہئیں کیونکہ پھر تو ہمارے جیسا کوئی قابل آدمی کوئی ہوہی نہیں سکتا،ہمارے جن چار آدمیوں پر الزام لگایا جارہا ہے ، ہمیں چابیاں دے دیں،ہمارے چار میں سے تین آدمی جیل میں ہیں ،وہ جیل سے ہی حکومت چلا لینگے ،اسحاق ڈار پر کوئی الزام نہیں ،حدیبیہ کیس ختم ہوچکا ہے ۔عید کے بعد تحریک کے سوال پر انہوں نے کہا ہم تحریک شروع کرکے ملک کے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں،اگر یہ مسائل عمران خان کی حکومت گرا کر بھی حل ہوتے ہیں تو ہم یہ اقدام بھی اٹھانے کیلئے تیار ہیں ،ہم چاہتے ہیں کہ مسائل حل ہوں مگر آمریت کو موقع نہ ملے ،ہم نہیں چاہتے کہ ایسے حالات پیدا ہوں کہ آمریت آجائے ۔انہوں نے کہا ہم چاہتے ہیں کہ جمہوریت کے اندر رہ کر احتجاج کی جو گنجائش ہے وہ راستہ اختیار کیا جائے ،ہم اسمبلی کے اندر، باہر اور سڑکوں پر بھی احتجاج کرنا چاہتے ہیں،ہماری ڈیمانڈ یہ ہے کہ عوام کے مسائل حل کریں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر ہمیں جیل میں بند کرنے سے حکومت کا مسئلہ حل ہوتا تو بیشک کردیں،ہم تیار ہیں۔انہوں نے کہا ہوسکتا ہے اے پی سی میں ایم کیو ایم کو بھی شامل کیا جائے ۔انہوں نے کہا مریم جو بھی بات کرتی ہیں، وہ پارٹی پالیسی کے اندر کرتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …