کفایت شعاری کے بلند و بانگ دعوے صرف اعلانات تک محدود

عوام کو ایک روٹی کھانے کا مشورہ دینے والے سپیکر خیبر پختونخواہ مشتاق غنی کی اسمبلی میں صرف ایک بل کی منظوری پر ایک کروڑ روپے خرچ ہونیکا انکشاف

پشاور (میڈیا92نیوزآن لائن)
عوام کو ایک روٹی کھانے کا مشورہ دینے والے سپیکر خیبرپختونخواہ مشتاق غنی کی اسمبلی میں ایک بل کی منظوری پر تقریباً ایک کروڑ روپے سے زائد کا خرچ کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آنے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے کفایت شعاری اور سادگی کی پالیسی اپنانے اور عوام کے ٹیکس کے پیسوں کی حفاظت کرنے جیسے کئی وعدے کیے، لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ موجودہ حکومت کے یہ دعوے محض دعوے ہی ثابت ہوئے۔ خیبرپختونخواہ اسمبلی سے متعلق ایک انکشاف سامنے آیا کہ خیبرپختونخواہ اسمبلی میں ایک بل منظور کیے جانے پر ایک کروڑ روپے کا خرچ آتا ہے۔ خیبر پختونخوا ہ اسمبلی کے صرف 31 دنوں کے سیشنز پر 13 کروڑ 93 لاکھ روپے سے زائد رقم اْڑا دی گئی۔ اور صرف ایک بل کی منظوری پر ایک کروڑ روپے سے زائد کا خرچ آیا۔ خیبرپختونخواہ اسمبلی کے 7 ماہ میں 31 اجلاس ہوئے لیکن اراکین نے 47 دنوں کی مراعات حاصل کیں۔ 31 دنوں میں اسمبلی کے 6 سیشن ہوئے جس میں 14 بل پاس کئے گئے۔ ایک بل کی منظوری پر 99 لاکھ 51 ہزار روپے سے زائد کا خرچ آیا۔ مجموعی شاہ خرچیاں 13 کروڑ 93 لاکھ 26 ہزار تک جا پہنچیں، جسے اپوزیشن اراکین نے وقت اور پیسے کا ضیاع قرار دے دیا۔

یہ بھی پڑھیں

جینیات سے وابستہ تناؤ ہارٹ اٹیک کا خطرہ زیادہ بڑھا دیتا ہے

بوسٹن: حال ہی میں ہونے والے ایک مطالعے سے پتہ چلا ہے کہ جینیاتی طور پر …