خادم رضوی کا آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ بلاک کیے جانے پر فواد چوہدری خوش

اسلام آباد(نیٹ نیوز/میڈیا92نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کی جانب سے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ علامہ خادم رضوی کا آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ بلاک کیے جانے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے یوٹیوب اور واٹس ایپ سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ اپنی پالیسی پر نظرثانی کریں۔یاد رہے کہ علامہ خادم رضوی کی سربراہی میں تحریک لبیک پاکستان نے مسیحی خاتون آسیہ بی بی کی سپریم کورٹ سے بریت کے فیصلے کے خلاف لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی دھرنے دیئے تھے، جن کے دوران کافی اشتعال انگیز تقاریر کی گئی تھیں۔دوسری جانب خادم رضوی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے بھی کافی پیغامات جاری کیے گئے، جس پر پاکستان نے ٹوئٹر انتظامیہ سے خادم رضوی کا اکاؤنٹ بند کرنے کی درخواست کی تھی جسے انہوں نے مسترد کردیا تھا۔بعدازاں ویب سائٹ انتظامیہ نے 4 نومبر کو خادم رضوی کا ٹوئٹر ہینڈل قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کے باعث بند کردیا۔ٹوئٹر کے اس فیصلے کو سراہتے ہوئے وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اپنے پیغام میں کہا، ‘یہ بہت خوش آئند ہے کہ ٹوئٹر اور فیس بک جیسے بڑے ادارے جعلی خبروں اور نفرت انگیز پیغامات کے خلاف اپنے پلیٹ فارم کو استعمال کرنے کے حوالے سے پوری طرح پرعزم ہیں۔’فواد چوہدری نے مزید لکھا کہ ‘دنیا کو محفوظ بنانے کے لیے یوٹیوب اور واٹس ایپ کو بھی اپنی پالیسی پر نظرثانی کرنی چاہیے۔’واضح رہے کہ وزیر اطلاعات فواد چوہدری اس سے قبل کہہ چکے ہیں کہ حکومت کو اصل چیلنج سوشل میڈیا سے درپیش ہے جہاں ہزاروں اکاؤنٹس سے جعلی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

جینیات سے وابستہ تناؤ ہارٹ اٹیک کا خطرہ زیادہ بڑھا دیتا ہے

بوسٹن: حال ہی میں ہونے والے ایک مطالعے سے پتہ چلا ہے کہ جینیاتی طور پر …