آسیہ بی بی کو بری کرنے کے فیصلے کے خلاف تحریک لبیک سڑکوں پر نکل آئی

اسلام آباد(نیٹ نیوز/میڈیا92نیوز) آسیہ بی بی کو بری کیے جانے کے خلاف کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں تحریک لبیک کی جانب سے احتجاج کیا جارہا ہے۔کراچی کے مختلف علاقوں میں تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے احتجاجی مظاہروں کے باعث لیاری ایکسپریس وے کراچی اور حیدرآباد کے دونوں روٹس کو بند کردیا گیا ہے۔کراچی میں بلدیہ ٹاؤن چار نمبر، نمائش چورنگی، شارع فیصل اسٹار گیٹ، سہراب گوٹھ الآصف اسکوائر، اورنگی ٹاؤن 5 نمبر، سرجانی ٹاؤن فور کے چورنگی پر احتجاج کیا جارہا ہے۔احتجاج کے باعث بلدیہ ٹاؤن جانے والی سڑک ٹریفک کے لیےبند ہے اور شیرشاہ سے بلدیہ جانے والی ٹریفک کولیبراسکوئرکی طرف موڑ دیا گیا ہے جب کہ مواچھ گوٹھ سےآنے والی ٹریفک کو ڈبہ موڑ کی طرف موڑ دیا گیاہے۔تحریک لبیک کے احتجاج کے سبب ٹاور اور ایم اے جناح روڈ بھی ٹریفک کے لیے بند ہے، جناح برج سے ٹریفک کوآئی آئی چندریگر روڈ کی جانب موڑ دیا گیا ہے، ایم اے جناح روڈ جامع کلاتھ سے ٹریفک کو بابائے اردو چوک کی طرف موڑ دیا گیا۔
ٹریفک پولیس کے مطابق احتجاج کے باعث حیدرآباد سےکراچی آنے والی ٹریفک کو ابوالحسن اصفہانی روڈ کی جانب موڑ دیا گیا ہے۔
کراچی میں بعض تعلیمی ادارے بند
کراچی میں مختلف مقامات پر احتجاج کے باعث تعلیمی ادارے بند ہونا شروع ہوگئے ہیں جہاں جامعہ کراچی، وفاقی اردو یونیورسٹی اور سرسیدیونیوسٹی میں تدریسی عمل معطل ہوگیا ہے۔

اس کے علاوہ شہر بھر میں کالجز، نجی اور سرکاری اسکول بھی بند ہونا ہوگئے ہیں جس کے باعث والدین بچوں کو لینے کے لیے اسکول پہنچ گئے۔
شہر میں احتجاجکے باعث پرائیوٹ ٹرانسپورٹ سے گھر جانے والے طلبا کو پریشانی کا سامنا ہے۔
لاہور میں بھی تحریک لبیک کا احتجاج، دفعہ 144 نافذ
لاہور میں بھی آسیہ بی بی کی بریت کے خلاف تحریک لبیک کے سربراہ خادم حسین رضوی کی قیادت میں چیئرنگ کراس پر احتجاج کیا جارہا ہے،
اس کے علاوہ ملتان روڈ پر مانگامنڈی میں جماعت اہلسنت کااحتجاج جاری جب کہ چونگی امرسدھو اور داروغہ والا چوک پر بھی سنی تحریک کے کارکنان احتجاج کررہے ہیں۔
محکمہ محکمہ داخلہ پنجاب نے دفعہ 144کے تحت صوبے بھر میں عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کردی ہے جو 31 اکتوبر سے 10 نومبر تک نافذ العمل رہے گی۔محکمہ داخلہ کے مطابق دفعہ 144 کے تحت دھرنوں، جلسے جلوسوں اورریلیوں پر پابندی ہوگی۔
اسلام آباد کا فیض آباد انٹرچینج احتجاج کے باعث بند
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی تحریک لبیک کی جانب سے احتجاج کیا جارہا ہے جہاں فیض آباد انٹر چینج احتجاج کے باعث مکمل طور پر بند ہے جب کہ ایکسپریس وے شکریال کے پاس سے اور جی ٹی روڈ گوجرخان سے بند ہے۔
پشاور میں بھی تحریک لبیک کا احتجاج
پشاور میں بھی تحریک لبیک کے کارکنان آسیہ بی بی کی بریت کے خلاف احتجاج کررہے ہیں جہاں رنگ روڈ جمیل چوک پر مظاہرین جمع ہیں جب کہ شباب اہلسنت کے کارکنان پریس کلب کے باہر احتجاج کررہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

جینیات سے وابستہ تناؤ ہارٹ اٹیک کا خطرہ زیادہ بڑھا دیتا ہے

بوسٹن: حال ہی میں ہونے والے ایک مطالعے سے پتہ چلا ہے کہ جینیاتی طور پر …