مذہبی اقدار کا احترام، پشاور کی سکھ برادری کے افراد ہیلمٹ پہننے سے مستثنیٰ

پشاور(نیٹ نیوز) خیبرپختونخوا حکومت نے پشاور میں موٹر سائیکل چلانے والے سکھ برادری کے افراد کو ہیلمٹ پہننے سے مستثنیٰ قرار دیتے ہوئے ٹریفک وارڈنز کو ان کا چالان نہ کرنے کی ہدایت کردی۔

واضح رہے کہ ہیلمٹ پہننے کا معاملہ چند روز قبل اقلیتی رکن صوبائی اسمبلی نے ایوان میں اٹھایا تھا۔

مذکورہ رکن اسمبلی نے موقف اختیار کیا تھا کہ آئین میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے، مذہبی روایات کی بناء پر سکھ افراد سر پر پگڑی پہنتے ہیں، لہذا انہیں ہیلمٹ پہننے پر مجبور نہ کیا جائے۔

جس کے بعد صوبائی حکومت نے موٹرسائیکل چلانے والے سکھ افراد کو ہیلمٹ پہننے سے مستثنیٰ قرار دے کر ٹریفک وارڈنز کو ہدایات جاری کیں کہ ان کا چالان نہ کیا جائے۔

سکھ برداری نے صوبائی حکومت کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا میں 60 ہزار سے زائد سکھ رہائش پذیر ہیں، جن میں سے صرف 15 ہزار کے لگ بھگ پشاور میں مقیم ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

جینیات سے وابستہ تناؤ ہارٹ اٹیک کا خطرہ زیادہ بڑھا دیتا ہے

بوسٹن: حال ہی میں ہونے والے ایک مطالعے سے پتہ چلا ہے کہ جینیاتی طور پر …