پولیس کو بار بار فون کرنا ترکی کے ایک شخص کو بڑا مہنگا پڑ گیا

استنبول:(نیٹ نیوز/میڈیا92نیوز) ترکی سے ایک دلچسپ خبر آئی ہے جس میں پولیس نے ایک ایسے شخص کو گرفتار کیا ہے جو روزانہ پولیس کو سیکڑوں مرتبہ فون کرتا تھا اور پورے سال اس نے 45 ہزار 210 بار محکمے کو فون کرکے پریشان کیا اور ان کا وقت ضائع کیا۔55 سالہ شرف جان استنبول کے قریبی ضلع بہرام پاشا کا رہائشی ہے اور ایک عرصے سے تنہا رہ رہا ہے۔ اس پر الزام ہے کہ اس نے ایک دن میں کم ازکم 100 مرتبہ پولیس کو فون کیا اور 15 مئی 2017 سے 15 مئی 2018 تک مسلسل ایک ہی نمبر سے 45 ہزار سے زائد مرتبہ پولیس کو فون کیا اور نہ کوئی مدد طلب کی اور نہ ہی کسی قسم کی کوئی شکایت کی۔شکایت درج کرانے کی بجائے وہ لائن پر موجود افسر سے باتیں کرنے لگ جاتا اور گفتگو کو طول دینا اس کا معمول تھا۔ بار بار اس رویّے کے بعد پولیس نے اس شخص کو فضول کال کرنے والا عادی شخص قرار دیا۔اس کے بعد بھی یہ سلسلہ نہ رکا اور پولیس نے کمیونی کیشن ڈپارٹمنٹ کو اس شخص کی شکایت درج کرادی۔ ادارے نے تصدیق کی کہ شرف جان نے پولیس ایمرجنسی کے 115 نمبر پر ہزاروں مرتبہ کال کی ہے اور اس پر کارِ سرکار میں مداخلت کا الزام لگایا گیا ہے۔ اب اس شخص پر استنبول کی عدالت میں مقدمہ چلایا جارہا ہے اور اسے پانچ برس کی سزا ہوسکتی ہے۔دوسری جانب ملزم شرف کا کہنا ہے کہ اس نے تنہائی سے تنگ آکر پولیس کو بار بار فون کیا جس کے لیے وہ معذرت خواہ ہے۔ اس نے بتایا کہ دو سال قبل طلاق کے بعد اس کی بیوی اسے چھوڑ کر چلی گئی ہے اور وہ شراب نوشی کا عادی ہوچکا ہے، وہ ذہنی تناؤ سے بچنے کےلیے کال کرتا ہے۔شرف جان نے اپیل کی ہے کہ اگر اسے بری کردیا جائے تو وہ آئندہ ایسی حرکت نہیں کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں

ملائکہ اروڑا کا سابق شوہر ارباز خان کیساتھ فیملی ڈنر، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی …